اسلام آباد (اصل میڈیا ڈیسک) وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ غریب آدمی کو سستی روٹی کی دستیابی یقینی بنانا ریاست کی ذمہ داری ہے، حکومت عام آدمی کو ریلیف فراہم کرنے کیلئے پرعزم ہے۔
وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت مہنگائی میں کمی سے متعلق اقدامات پر اعلیٰ سطح کا اجلاس ہوا۔
اجلاس میں پنجاب اور خیبرپختونخوا کے وزرائے اعلیٰ سمیت دیگر حکام نے شرکت کی۔
چیف سیکریٹری پنجاب نے اجلاس کو مہنگائی میں کمی سے متعلق اقدامات پر بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ آٹا، گھی، ٹماٹر اور دالوں سمیت 7 ضروری اشیاء کی قیمتوں کا مسلسل جائزہ لیا جارہا ہے، قیمتوں میں اضافے پر قابو پانے کیلئے ویب پورٹل کا اجراء بھی کیا گیا۔
انہوں نے روٹی کی قیمت کو برقرار رکھنے کیلئے نان بائی ایسوسی ایشن کے تحفظات سے بھی اجلاس کو آگاہ کیا۔ چیف سیکریٹری خیبر پختونخوا نے ذخیرہ اندوزوں اور منافع خوروں کیخلاف کارروائی پر بریفنگ دی۔
اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ عام آدمی کو ریلیف فراہم کرنے کیلئے ہر ممکن کوشش کی جائے، اس بات کو یقینی بنایا جائے کہ غریب عوام پر کسی قسم کا اضافی بوجھ نہ آئے۔
وزیراعظم نے ذخیرہ اندوزی اور منافع خوری کے خلاف بھرپور کارروائی کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ ہول سیل منڈیوں میں قیمتوں کی کڑی نگرانی کیلئے مؤثر نظام پر عمل درآمد کو یقینی بنایا جائے۔
انہوں نے کہا کہ کاشتکاروں کو استحصال سے بچایا جائے اور اس بات کو یقینی بنایا جائے کی ان کی پیداوار کا مناسب منافع ان تک پہنچے۔
وزیراعظم نےکہا کہ ‘احساس پروگرام’ کے تحت مستحقین کو راشن کی فراہمی کی تجویز بھی زیر غور ہے۔