اسلام آباد (جیوڈیسک) وزیر اعظم نواز شریف 23 جولائی کو نئی توانائی پالیسی کا اعلان کریں گے جس میں بجلی کی پیداوار کیلئے کیئے جانے والے ہنگامی اقدامات اور ماہانہ 200 یونٹ سے زیادہ بجلی استعمال کرنے والوں کیلئے بجلی کی قیمتوں میں اضافے کا اعلان کیا جائے گا۔ وزارت پانی وبجلی کے ذرائع کے مطابق وزیر اعظم 23 جولائی کو مشترکہ مفادات کونسل کے اجلاس میں نئی توانائی پالیسی کی منظوری دینگے اور اسی روز اس پالیسی کا اعلان بھی کریں گے۔
ذرائع کے مطابق نئی توانائی پالیسی میں بجلی پر دی جانے والی سبسڈی کافی حد تک کم کر دی جائے گی تاھم ماہانہ 2 سو یونٹ بجلی استعمال کرنے والوں کیلئے بجلی قیمت نہیں بڑھے گی۔ نئی پالیسی کے تحت وزیر اعظم ہنگامی بنیادوں پر پن بجلی اور کوئلے سے بجلی کی پیداوار کے منصوبوں کا اعلان کریں گے، انرجی پالیسی میں بجلی چوری کی روک تھام کیلئے خصوصی اقدامات کا اعلان متوقع ہے۔ وزارت پانی وبجلی کے ایک اعلی افسر کے مطابق اس وقت فی یونٹ بجلی پر حکومت اوسطا پونے 6 روپے تک سبسڈی دے رہی ہے یہ سبسڈی نئی پالیسی کے تحت کم ہو کر آدھی سے بھی کم ہو سکتی ہے۔