پی ایم ڈی سی نجی طبی کالجوں میں فیسوں کا تعین نہ کرسکی، منظور شدہ کالجوں کی فہرست جاری

Medical Dental Council

Medical Dental Council

کراچی (جیوڈیسک) پاکستان میڈیکل اینڈ ڈینٹل کونسل نے منظور شدہ نجی میڈیکل اور ڈینٹل کالجوں کی فہرست جاری کر دی۔ کونسل نجی طبی کالجوں میں فیسوں کا تعین نہیں کر سکی، نجی طبی کالجوں نے فیسوں میں اضافہ کر دیا ہے۔

امیدواروں سے 2 سال کی یکمشت فیسں لی جانے لگی، تفصیلات کے مطابق پی ایم ڈی سی نے ایم بی بی ایس اور بی ڈی ایس میں داخلوں کیلیے تمام امیدواروں سے کہا ہے۔

کہ وہ کسی بھی نجی میڈیکل اور ڈینٹل کالج میں داخلہ لینے سے قبل پی ایم ڈی سی کی ویب سائٹ پر درسگاہ کا نام ضرور دیکھ لیں تاکہ معلوم ہوسکے کہ کالج پی ایم ڈی سی سے منظور شدہ ہے یا نہیں، پی ایم ڈی سی کی ویب سائٹ پر منظور شدہ میڈیکل اور ڈینٹل کالجوں کی فہرست جاری کردی گئی ہے۔

طبی تعلیم کے امیدوار کونسل سے منظورشدہ طبی جامعات اور درسگاہوں میں داخلے لیں، پی ایم ڈی سی نجی میڈیکل و ڈینٹل کالجوں میں یونیفارم فیسوں کا تعین نہیں کرسکی ہے، نجی میڈیکل وڈینٹل کالجوں میں داخلوں کے خواہشمند طالب علموں کا کہنا ہے۔

ان کالجوں کی انتظامیہ نے فیسوں میں غیر معمولی اضافہ کر دیا ہے ہر کالج اپنی مرضی سے فیس وصول کرتا ہے، داخلہ فیس کے ساتھ امیدواروں سے 2 سال کی یکمشت فیسں لی جارہی ہے، پی ایم ڈی سی نجی کالجوں کی جانب سے وصول کی جانے والی فیسوں کا واضح تعین کرے۔

نجی میڈیکل کالجوں میں داخلہ فارم اور انٹری ٹیسٹ کی 7 ہزار روپے فیس وصول کی جارہی ہے، میرٹ لسٹ میں نام شامل کرنا بھی انتظامیہ کا صوابدیدی اختیار ہے، نجی کالجوں کی انتظامیہ انٹری ٹیسٹ کی فہرست آویزاں نہیں کرتی امیدواروں اور والدین کو سیلف فنانس پر داخلہ لینے کا کہا جاتا ہے۔

جس کی سالانہ فیس 10 لاکھ روپے ہے، امیدواروں نے مطالبہ کیا ہے کہ پی ایم ڈی سی نجی میڈیکل اور ڈینٹل کالجوں میں فیسوں کا تعین کرکے فیسوں، ڈونیشن، داخلہ فارم اور انٹری ٹیسٹ کی فیسوں کی پالیسی کا اعلان کرے۔