شہباز شریف 300 ووٹ لے کر تیسری مرتبہ وزیراعلی پنجاب منتخب

Shahbaz Sharif

Shahbaz Sharif

لاہور (جیوڈیسک) لاہور مسلم لیگ ن کے شہباز شریف 300 ووٹ لے کر تیسری مرتبہ وزیر اعلی پنجاب منتخب ہوگئے، ان کے مدمقابل تحریک انصاف کے محمود الرشید کو 34 ووٹ ملے۔ پیپلز پارٹی کے اراکین نے انتخاب کا بائیکاٹ کیا تاہم وہ ایوان میں موجود رہے۔ اسپیکر پنجاب اسمبلی رانا محمد اقبال کی صدارت اجلاس میں قائد ایوان کا انتخاب عمل میں آیا۔

قائد ایوان کے انتخاب کے لیے 2 لابیز قائم کی کی گئی تھیں، شہبازشریف کی حمایت کرنے والے اراکین کیلئے دائیں جانب جبکہ میاں محمود الرشید کی حمایت کرنے والے اراکین کیلئے بائیں جانب لابی بنائی گئی تھی۔ ووٹنگ کا عمل مکمل ہونے کے بعد گنتی کی گئی جس کے مطابق شہباز شریف نے 300 ، ان کے مدمقابل رانا محمود الرشید نے 34 ووٹ حاصل کیے۔

اسپیکر رانا محمد اقبال نے شہباز شریف کی کامیابی کا اعلان کیا۔ شہباز شریف 1988 میں پہلی باررکن قومی اسمبلی منتخب ہوئے، 1997 میں پنجاب کے پہلی مرتبہ وزیراعلی بنے ، 2008 میں دوبارہ وزیر اعلی کا منصب سنبھالا۔ نومنتخب وزیراعلی آج شام گورنر ہاس لاہور میں اپنے عہدے کا حلف اٹھائیں گے۔ اس کے ساتھ ہی پنجاب میں انتقالِ اقتدار کا مرحلہ پایہ تکمیل کو پہنچ جائے گا۔