لاہور(جیوڈیسک) وفاقی وزیر اطلاعات قمر زمان کائرہ کا کہنا ہے کہ نواز شریف نے ماضی سے سبق سیکھا ہے لیکن شہبازشریف کی وجہ سے معاملات الجھ رہے ہیں، میٹرو بس منصوبے کا احتساب ہو گا۔
قمر زمان کائرہ نے پنجاب حکومت کو آڑے ہاتھوں لیا۔ سستی روٹی سکیم۔ دانش سکولوں اور میٹرو بس منصوبے پر کھل کر تنقید کی۔ ان کا کہنا تھا کہ شہباز شریف شیر شاہ سوری بننے کے چکر میں قواعد و ضوابط سے ہٹ کر معاملات چلا رہے ہیں۔ انہوں نے زور دے کر کہا کہ میٹرو بس منصوبے پر لگنے والی رقوم کا ہم احتساب کریں گے۔
قمر زمان کائرہ کاکہنا تھا کہ سندھ میں مسلم لیگ (ن) کے اتحادی بننے والوں کے پاس تو یوینن کونسل کی سیٹ بھی نہیں ہے، ہمیں ان کی سندھ میں سرگرمیوں سیکوئی خوف نہیں۔ انہوں نے کہا کہ طاہر القادری ایک سیاسی حقیقت ہیں اور میں انہیں پاکستانی سمجھتا ہوں ان کی دوہری شہریت کے معاملے پر جو رویہ اختیار کیا گیا اس سے لاکھوں تارکین وطن کے دل دکھے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ق لیگ ہماری اتحادی جماعت ہے اور ان سے سیٹ ایڈجسٹمنٹ کے معاملات طے کر لیں گے اور انتخابات وقت پر ہی ہوں گے۔
وفاقی وزیر اطلاعات کا کہنا تھا کہ دہشت گردی چھوڑ کر جو بھی مذاکرات کرنا چاہے اسے ویلکم کریں گے۔ قمر زمان کائرہ نے پاک بھارت سرحد پر تناو بڑھنے پر بھی تشویش کا اظہار کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ بھارتی فوج کی فائرنگ سے پاکستانی فوجی کی موت پر متعلقہ فورم پر احتجاج کریں گے۔