ٹیکسلا (جیوڈیسک) سابق وزیرداخلہ چوہدری نثار کا کہنا ہے کہ مسلم لیگ میرے خون میں شامل ہے لیکن میری ٹانگ اندر سے کھینچی گئی۔
ٹیکسلا میں عید ملن پارٹی سے خطاب کرتے ہوئے سابق وزیرداخلہ چوہدری نثارکا کہنا تھا کہ میں تنہا ہوں میری کوئی برادری نہیں لیکن یہ اللہ کا کرم ہے کہ میں نے کامیاب سیاست کی اور پاکستان کا واحد سیاستدان ہوں جو 8 دفعہ مسلسل ایم این اے بنا لیکن لوگ میرے چہرے سے تنگ نہیں آئے، ایسا کوئی کام نہیں کیا جس پرشرمندگی ہو یا مجھے ووٹ دینے والے شرمندہ ہوں، میں نے بطور وزیر داخلہ جو کام کیا ایمان اور ضمیر کے مطابق کیا۔
چوہدری نثار کا کہنا تھا کہ اللہ نےمجھے سچ بات کرنے کی طاقت دی ہے، سینے پر ہاتھ رکھ کر کہتا ہوں جھوٹ نہیں بولتا، منافقت نہیں کرتا، وفاداریاں بھی نبھاتا ہوں اور مخالفتیں بھی نبھاتا ہوں اور کسی سے ہچکچاتا نہیں، کبھی کسی مخالف کے ساتھ بھی زیادتی نہیں کی، مسلم لیگ میرے خون میں شامل ہے لیکن میری ٹانگ اندر سے کھینچی گئی۔
سابق وزیرداخلہ نے کہا کہ پارٹی میں شامل لوگوں سے پوچھا جائے کہ وہ مجھ سے دشمنی کیوں کررہے ہیں، نوازشریف بتائیں میں نے ان کے ساتھ کون سی بے وفائی کی، ماضی میں جنہوں نے نوازشریف کو گا لیاں دی آج انہیں ہی پارٹی ٹکٹیں دی گئیں، میں نے کون سے ایسے بیا ن دئیے اور میں کب پارٹی کے ساتھ کھڑا نہیں رہا ، میں نے صرف یہ کہا کہ عدلیہ اور فوج سے مت لڑو اور میرے بیان کو بتنگڑ بنا دیا گیا ، میں ایک ہی راستہ لیتا ہوں اور میں نے اپنا راستہ لے لیا ہے آج کہتے ہیں نثار اکیلا ہے لیکن میں کہتا ہوں کہ میرے لیے اللہ کافی ہے۔
چوہدری نثار علی نے کہا کہ گزشتہ پانچ سالوں میں (ن) لیگ کی لیڈرشپ نے اسلام کے ساتھ جو کیا اور ناموسِ رسالت پر جو بہت بڑا حملہ ہوا اگر نواز شریف کا چہیتا چیلنج کرے تو بتاوٴں گا۔