لاہور: پاکستان تحریک انصاف کی جنرل سیکرٹری شعبہ خواتین و رکن پنجاب اسمبلی سعدیہ سہیل رانانے کہا ہے کہ ن لیگ کی وفاقی حکومت نے معاشی ترقی کے لیے بلند و بانگ دعوے کیے تھے لیکن معاشی ترقی کا ہدف حاصل نہ ہونا حکمرانوں کی ناکامی اور نااہلی کا منہ بولتا ثبوت ہے جو پاکستانی قوم کے سامنے عیاں ہو چکا ہے۔
وفاقی حکومت بجٹ میں غریب عوام پر مزید ٹیکس عائد کرنے کے بجائے اپنے ٹیکس نیٹ کو بڑھائے اور زرعی ٹیکس کے حصول کو بھی یقینی بنائے۔میڈیا ورلڈلائن کے مطابق کارکنوں سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پاکستان میں بیرون ملک سے سرمایہ لانے کے دعویدا ر ن لیگ خود تو اپنی سرمایہ کاری یورپ میں کررہی ہے تو دوسروں کو پاکستان میں سرمایہ کاری کرنے کے لیے کیسے قائل کرینگے۔
اگر حکمران ٹولہ پاکستان اور پاکستانی قوم کے ساتھ مخلص ہے اور پاکستان کی خوشحال و ترقی کے خیر خواہ ہیں تو سب سے پہلے بیرونی ممالک میں موجود اپنا سرمایہ پاکستان لیکر آئیں پھر دوسروں کو سرمایہ کاری کی تلقین کریں۔ اس وقت شریف خاندان مغربی دنیا کے سب سے بڑے سرمایہ کار بن چکے ہیں جو پاکستانی عوام کے لیے لمحہ فکریہ ہے۔ فیملی لمیٹڈ کمپنیوں کی طرح چلایا جا رہا ہے۔