لاہور (جیوڈیسک) مسلم لیگ ن کی ممبر پنجاب اسمبلی شمیم اختر شہزادی کے شوہر کو سمن آباد میں واقع ان کی رہائش گاہ میں پراسرار طور پر قتل کر دیا گیا، پو لیس نے ابتدائی تحقیقات کیلئے لاش پوسٹ مارٹم کیلئے بھجوا دی۔وزیر اعلیٰ پنجاب شہباز شریف نے نوٹس لیتے ہوئے تحقیقات کا حکم دے دیا ہے.
مسلم لیگ ن کی طرف سے خواتین کی مخصوص نشست پر ایم پی اے بننے والی شمیم اختر کے شوہر میاں کبیر احمد آج صبح مردہ حالت میں اپنے کمرے میں پائے گئے ، پولیس کے مطابق ستر سالہ کبیر کی لاش کو پوسٹ مارٹم کیلئے بھجوا دیا گیا ہے جس کی رپورٹ کے بعد ہی قتل کی اسباب جان سکیں گے۔خاتون ایم پی اے شمیم اختر کا کہنا ہے کہ وہ قریبی عزیز کی شادی میں شرکت کیلئے گھر سے باہر تھیں۔
گھر واپسی پر دیکھا تو میرے شوہر مردہ حالت میں تھے، خاتون ایم پی اے نے الزام عائد کیا ہے کہ ان کے شوہر کو محلے میں نومی نامی شخص نے زہر دے کر قتل کیا ہے۔ شمیم اختر شہزادی کا کہنا تھا کہ اُنہیں اور ان کے شوہر کو ایک عرصے سے نومی کی جانب سے دھمکیاں موصول ہو رہی تھیں۔
وزیر اعلیٰ پنجاب شہباز شریف نے نوٹس لیتے ہوئے تحقیقات کا حکم دیا ہے.آئی جی پنجاب سے رپورٹ طلب, قتل میں ملوث افراد کی فوری گرفتار کا حکم دے دیا.