مسلم لیگ ن کے قائد میاں نواز شریف نے اپنے منشور کے زریعے عوام کو ایک بار پھر بیوقوف بنانے کی سازش کی ہے،روحیل اکبر
Posted on March 8, 2013 By Geo Urdu سٹی نیوز
تحریک تحفظ پاکستان کے مرکزی جوائنٹ سیکریٹری اطلاعات روحیل اکبر نے کہا ہے کہ مسلم لیگ ن کے قائد میاں نواز شریف نے اپنے منشور کے زریعے عوام کو ایک بار پھر بیوقوف بنانے کی سازش کی ہے اور اب لوڈ شیڈنگ ،بیروز گاری اور غربت کی ستائی ہوئی عوام انکے جھانسہ میں نہیں آئے گی کیونکہ عوام دیکھ چکی ہیں کہ پورے پنجاب میں میاں برادران کی حکومت نے کس طرح میرٹ کی دھجیاں اڑائی ہیں اور اب نیا جال لا کر پرانے شکاری ایک بار پھر سادہ لوح عوام کو دھوکہ دینا چاہتے ہیں۔
مگر اب عوام ان سیاسی دکانداروں کے جھانسہ میں نہیں آنے والی بلکہ قوم اب محسن پاکستان ڈاکٹر عبدالقدیر خان کو اقتدار میں لاکر اپنی محرومیوں کا ازالہ کرنا چاہتی ہے اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ مرکز سمیت چاروں صوبوں میں نااہل اور کرپٹ حکومتیں عوام کا خون چوس رہی ہیں اور ان کی نااہلی کی وجہ سے ہرطرف بدامنی،لوٹ مار،کرپشن،بے گناہ لوگوں کا قتل عام،سڑکوں پر تڑپتی لاشیں،بم دھماکے پاکستان کی سالمیت اور ملکی بقا کیلئے شدید خطرہ ہیں اور جب تک ہم ان ظالم حکمرانوں سے نجات حاصل نہیں کرلیتے۔
اس وقت تک ہم رسوائی و ذلت سے چھٹکارا حاصل نہیں کرسکتے اورعوام پانچ سال تک اقتدار کے مزے لوٹنے والے نااہل حکمرانوں سے نجات حاصل کرنے کیلئے آئندہ الیکشن میں تحریک تحفظ پاکستان کے امیدواروں کو ووٹ دے کر بھاری اکثریت سے کامیاب کروائیں ۔