میاں نواز شریف وزیر اعظم بن کر ملک وقوم کو خوشحال بنانے کے لئے کوئی کسر اٹھا نہیں رکھیں گے : رائوناصرعلی خان
Posted on April 14, 2013 By Noman Webmaster لاہور
لاہور : میاں محمد نواز شریف وزیر اعظم بن کر ملک وقوم کو خوشحال بنانے کے لئے کوئی کسر اٹھا نہیں رکھیں گے ۔آئندہ انتخابات میں روشن اوردرخشاں مستقبل کے لئے مسلم لیگ ( ن ) کو بھاری اکثریت سے کامیاب کرانا وقت کی اہم ضرورت ہے ،ان خیالات کا اظہار پاکستان مسلم لیگ ن لیبرونگ لاہور کے سینئرنائب صدر رائوناصر علی خان میئو نے کیا۔
انہوں نے کہاکہ کرپٹ حکمرانوں سے نجات حاصل کرنا ،ملک کے بہتر مستقبل کے لئے انتہائی ضروری ہے ۔ کرپٹ حکمرانوں نے اپنی مدت پوری تو کر لی ہے مگر انہوں نے پانچ سالوں میں جو عوام کو مسائل سے دوچار رکھا اسکی مثال ملکی تاریخ میں نہیں ملتی ۔حکومت نے اپنے اختتام پر جو عوام کو جھٹکے لگائے وہ ناقابل برداشت ہیں ۔ پانچ سال کے دکھ پچاس سالوں میں بھی عوام کو نہیں بھولیں گے۔
رائوناصر علی خان میئو نے مزیدکہا کہ حکومت کی ناقص پالیسیوں اور ایس آر او کے نفاذ نے صنعتی مزدوروں اورمالکان کو فیکٹریاں بند کرنے اور مسائل کے حل کیلئے سڑکوں پر آنے پر مجبور کردیا ہے جبکہ توانائی کی قلت ٹیکسٹائل کی برآمدی صنعت کو بری طرح سے تباہ کررہی ہے اور صنعتی پیداواری عمل ختم ہوکر رہ گیا ہے۔
جس کیو جہ سے بین الاقوامی برآمدی معاہدوں کی عدم تکمیل کا خدشہ پیدا ہوچکا ہے گیس بجلی کی عدم فراہمی سائزنگ کی صنعت کو شدید مسائل سے دوچار کردیا ہے بجلی کی فراہمی میں باربار تعطل پیداواری عمل میں رکاوٹ کا باعث بن رہا ہے اور صنعتکاروں کو کروڑوں روپے کا نقصان برداشت کرنا پڑرہا ہے۔