لاہور (جیوڈیسک) مسلم لیگ ن اور تحریک انصاف میں محبت کی پینگیں چڑھنے لگیں ، خواجہ سعد رفیق کہتے ہیں مل جل کر تبدیلی لا سکتے ہیں ، عارف علوی ، خواجہ سعد رفیق کی تعریف کیے بغیر نہ رہ سکے۔
ماضی میں ایک دوسرے پر تنقید کے نشتر چلانے والی جماعتوں مسلم لیگ ن اور تحریک انصاف میں بھی مفاہمتی سیاست کا رنگ نظر آنے لگا۔ مسلم لیگ ن کی حکومت قومی اسمبلی میں پی ٹی آئی کے ارکان کو ڈی سیٹ کرنے کی تحاریک کی واپسی کے لیے بھی کوشاں ہیں۔
لاہور میں خواجہ سعد رفیق اور عارف علوی نے مشترکہ پریس کانفرنس کی جس میں دونوں اطراف میں محبت کی بڑھتی پینگیں دیکھنے میں آئیں۔ وفاقی وزیر نے عارف علوی کی سکول کی بہتری کے لیے کاوشوں پر تعریف کی اور کہا سیاسی جماعتوں کو قومی اداروں کے لیے متحد ہو جانا چاہئے ، مل جل کر کام کرنے سے تبدیلی لا سکتے ہیں۔
اس موقع پر عارف علوی نے خواجہ سعد رفیق کی تعریف کیے بغیر نہ رہ سکے اور محکمہ ریلوے کو خوب داد دی۔ اس سے پہلے سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی ممبران کو دو بار نوٹسز جاری کیے لیکن وہ استعفوں کی تصدیق کے لیے نہیں آئے ، تصدیق کرنا ان کی ذمہ داری ہے۔