مسلم لیگ (ن) کی حکومت عوامی توقعات پر پورا اترنے میں ناکام ہوگئی ہے
Posted on July 30, 2013 By Noman Webmaster گوجرانوالہ
گوجرانوالہ : مسلم لیگ (ن) کی حکومت عوامی توقعات پر پورااترنے میں ناکام ہو گئی ہے اوراب تک یہ اپنے کسی بھی وعدے کو وفا نہیں کرسکی جس کی وجہ سے عوام ایک مرتبہ پھر مایوسی کا شکار ہونے لگے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار پاکستان تحریک انصاف گوجرانوالہ کے راہنماء بیرسٹر علی اشرف مغل نے گذشتہ روز پی ٹی آئی این اے 95کے دفترمیں انصاف یوتھ ونگ کے نوجوانوں سے ملاقات کے دوران کیا۔
انہوںنے کہا کہ پی ٹی آئی انتخابات میں ہونے والی دھاندلی کے باوجود ملکی مفاد میں حکومت کو موقع دے رہی ہے لیکن وقت گذرنے کے ساتھ ساتھ حکومت کی ناکامیاں بڑھتی جارہی ہیں جس کی وجہ سے عوام لوڈشیڈنگ اور مہنگائی سے بیزار ہو کر مختلف شہروں میں احتجاج کر رہے ہیں۔
بیرسٹر علی اشرف مغل نے کہا ہے کہ اگر چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان نے حکومت کے خلاف احتجاج کی کال دی تو پی ٹی آئی ملکی تاریخ میں بھر پور احتجاج کی نئی تاریخ رقم کرکے نہ صرف حکومت کی تبدیلی بلکہ مقدر کی تبدیلی کی راہ ہموار کرے گی۔
انہوں نے کارکنوں کو بلدیاتی انتخابات کیلئے تیاری کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ پی ٹی آئی کی کوشش ہوگی کہ پنجاب میں بلدیاتی نظام عوام کی امنگوں کے مطابق تیار کیا جا سکے اورپی ٹی آئی بلدیاتی انتخابات میں قومی انتخابات کی طرح دھاندلی کی تاریخ نہیں دہرانے دے گی اور بھرپور کامیابی حاصل کر کے گراس روٹ لیول پر عوام کی خدمت سے تبدیلی لائے گی۔