لاہور (جیوڈیسک) مسلم لیگ (ن) کے رکن پنجاب اسمبلی خرم گلفام 2 ہفتے کوما میں رہنے کے بعد خالق حقیقی سے جا ملے۔
شیخوپورہ سے پنجاب اسمبلی کی نشست پی پی 162 سے مسلم لیگ (ن) کے رکن اسمبلی خرم گلفام کی گردن میں گلٹھی تھی جسے نکالنے کے لئے لاہور کے سروسز اسپتال میں ان کی گردن کا آپریشن ہوا تھا۔
گزشتہ 2 ہفتے سے وہ کوما میں تھے اور آج صبح وہ خالق حقیقی سے جاملے۔ صدر ممنون حسین، وزیراعظم نواز شریف اور وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف خرم گلفام کے انتقال پر گہرے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے ان کے لواحقین سے تعزیت کی ہے۔
واضح رہے کہ خرم گلفام شیخوپورہ میں مسلم لیگ (ن) کے انتہائی مقبول رہنما تھے اور وہ ایک ہی حلقے سے مسلسل دوسری مرتبہ رکن صوبائی اسمبلی منتخب ہوئے تھے، اس سے قبل انہوں نے مریدکے کے تحصیل کی نائب ناظم کی ذمہ داریاں بھی نبھائیں۔