مسلم لیگ (ق) کی کارکردگی اس سے بڑھ کر نہیں ہوسکتی کہ ہماری جماعت میں کوئی کرپشن نہیں ہے : حلیم عادل شیخ

کراچی (جی پی آئی)مسلم لیگ (ق) سندھ کے جنرل سیکرٹری حلیم عادل شیخ نے کہا ہے کہ ہماری جماعت ملک میں فائر بریگیڈ کا کام کررہی ہے۔ میڈیا کے ذریعے منتخب نمائندوں کی کارکردگی اور عوامی خدمت کھل کر سامنے آچکی ہے۔ سندھ کے محب وطن اور محنت کش لوگ مسلم لیگ ق کی کارکردگی سے مطمئن ہیں۔ آج مسلم لیگ ق عوامی جماعت کے روپ میں ہے۔ مسلم لیگ (ق) کی کارکردگی اس سے بڑھ کر نہیں ہوسکتی کہ ہماری جماعت میں کوئی کرپشن نہیں ہے۔ قوم پرستوں سے ہمارا نظریہ نہیں ملتاانتخابات سے قبل نواز لیگ اور قوم پرستوں سے اتحا دکا پول کھل جائیگا،پاکستان جب مضبوط ہوگا جب صوبے مضبوط ہونگے۔

تبدیلی کیلئے پاکستان کے تمام اسٹیک ہولڈرز کو ایک میز پر بیٹھنا ہوگا۔ سندھ میں عام سندھی کے حقوق کیلئے کام کررہے ہیں۔ سیلاب و وبائی صورتحال میں کوئی سندھ کا دعویدار فیلڈ میں نظر نہیں آیا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے مسلم لیگ کے صوبائی سیکرٹریٹ میں علما و مشائخ ونگ کے عہدیداروں سے ملاقات کے دوران کیا۔ حلیم عادل شیخ نے کہا کہ سخت حالات اور ملک کو بچانے کیلئے پی پی پی سے اتحاد کیا۔ تبدیلی بہت چھوٹا لفظ ہے۔ پاکستان کی موجودہ حالت پر ہم اس کی بحالی کے خواہاں ہیں۔ ہم حالت جنگ میں ہیں، ریڑھی والے سے لیکر اوپر تک سب کے سب سسٹم کی خرابی کے ذمہ دار ہیں۔

پولیٹیکل ٹرانسفر، پوسٹنگ کلچر، اداروں میں سیاسی مداخلت تباہی کی بڑی وجہ ہے۔ کراچی کیلئے سیاسی ورکر اور کرمنل ورکر میں فرق محسوس کرنے کی ضرورت ہے۔ مظاہروں اور جلوسوں کی بجائے ایک جگہ پر بیٹھنا ہوگا۔ مذاکرات کے ذریعے ہر طرح کے تنازعات کا حل نکالا جاسکتاہے۔انہوں نے مزید کہاکہ اس میں کوئی شک نہیں کہ فخرالدین جی ابراھیم ایک غیر متنازعہ شخصیت ہیں مگر الیکشن کمیشن میں خرابیاں موجود ہیں جنہیں الیکشن سے قبل درست کرنا ہوگا۔