ق لیگ اور عوامی تحریک کا دس نکاتی ایجنڈے پر اتفاق

Tahir,ul,Qadri,Choudhary Shaujaat

Tahir,ul,Qadri,Choudhary Shaujaat

لندن (جیوڈیسک) عوامی تحریک کے سربراہ طاہر القادری اور مسلم لیگ (ق) کی مرکزی قیادت نے مشترکہ پریس کانفرنس کی، دونوں جماعتوں کے درمیان دس نکاتی ایجنڈے پر اتفاق کیا گیا۔ عوامی تحریک کے سربراہ طاہر القادری نے مشترکہ اعلامیہ پڑھ کر سنایا۔ مشترکہ اعلامیہ کے مطابق فرسودہ، کرپٹ انتخابی نظام عوامی مسائل کے حل میں ناکام ہو چکا ہے، موجودہ حکومتیں غیر آئینی الیکشن کمیشن کے تحت قیام میں آئیں، نئی عوامی اور جمہوری حکومت کا قیام ناگزیر ہو چکا ہے۔

ہر شخص کو روزگار، گھر دیں گے اور 15 ہزار سے کم آمدنی والے افراد کو سبسڈی دیں گے، 15 ہزار سے کم آمدن والے افراد کی رجسڑیشن ہو گی، کم آمدنی والوں پر بجلی، پانی اور گیس پر ٹیکس ختم کر دیں گے۔ فرقہ وارایت کا خاتمہ کر کے پاکستان کو روشن خیال ملک بنائیں گے، قدرتی وسائل کو بروئے کار لائیں گے، اقتدار کی نچلی سطح پر منتقلی پر آئینی تحفظ دیا جائے گا، میٹرک تک مفت تعلیم دیں گے، انڈسڑی، ٹریڈ اور بزنس مین کو آئینی طور پر تحفظ فراہم کیا جائے گا، سادہ طرز حکومت بنا کر پیسے کو بچایا جائے گا۔

سوشل ویلفیر اسٹیٹ کو عملی طور پر پیش کیا جائے گا۔ طاہر القادری نے کہا کہ وہ جولائی کے بجائے جون میں پاکستان آئیں گے۔ عوامی تحریک کے سربراہ طاہر القادری اور مسلم لیگ کی مرکزی قیادت نے دس نکاتی ایجنڈے کی کاپی پر دستخط کیے۔ پرویز الہی نے گفتگو کرتے ہوئے کہا یہ انقلاب ظلم کے خلاف ہے اور دونوں جماعتیں اس دس نکاتی ایجنڈے پر متفق ہیں۔ ان کا یہ بھی کہنا تھا اقتدار میں آ کر نچلی سطح تک انصاف فراہم کریں گے، پولیس اور پٹواریوں کی سینہ زوری ختم کی جائے گے۔

ان کا یہ بھی کہنا تھا پنجاب حکومت نے پانچ ہزار اسکول بند کر دیئے ہیں لیکن ہم غریب کے بچوں کو اسکول لے کر جائیں گے۔ چودھری شجاعت حسین نے گفتگو کرتے ہوئے کہا میں سمجھتا ہوں مشترکہ اعلامیہ کی سب شقیں اچھی ہیں، طاہر القادری کے خیالات سے ق لیگ مکمل اتفاق کرتی ہے۔

ان کا یہ بھی کہنا تھا مقامی اور بین الاقوامی سرمایہ کاروں کو تحفظ دیا جائے گا، مذہبی و سیاسی جماعتوں اور تمام شخصیات سے رابطے شروع کر دیں گے ، صرف زبانی جمع خرچ نہیں عملی اقدامات کیے جائیں گے۔ انہوں نے کہا پاکستان پہنچ کر طاہر القادری کی آمد کا انتظار کریں گے۔