پنجاب (جیوڈیسک) پنجاب میں خسرہ سے مزید ایک بچہ جاں بحق ہو گیا، صوبے میں ہلاکتوں کی مجموعی تعداد 187 ہو گئی۔اٹھارہ اضلاع میں خسرہ مہم جاری، ایک کروڑ ساٹھ لاکھ سے زائد بچوں کو حفاظتی ٹیکے لگائے جا چکے ہیں۔
محکمہ صحت پنجاب کے مطابق بہاولنگر کا رہائشی ایک بچہ خسرہ سے جاں بحق ہوا ہے، جو وکٹوریہ ہسپتال بہاولپور میں زیرعلاج تھا۔ صوبے میں خسرے سے ہلاکتوں کی مجموعی تعداد 187 ہو گئی ہے۔
ترجمان کے مطابق پنجاب میں خسرہ کے 163 نئے کیسز رپورٹ ہوئے ہیں، اب تک متاثر ہونے والوں کی تعداد 21 ہزار 92 ہو چکی ہے۔ صوبائی دارالحکومت میں خسرہ میں مبتلامزید 14بچے مختلف ہسپتالوں میں داخل کرائے گئے ہیں۔ ترجمان نے بتایا کہ صوبے کے 18 اضلاع میں انسداد خسرہ مہم بھی جاری ہے، جس میں ایک کروڑ 60 لاکھ سے زائد بچوں کو ویکسین دی گئی ہے۔
فیصل آباد میں مہم کا آخری دن ہے، مہم کے دوران اب تک اٹھارہ لاکھ سے زائد بچوں کو حفاظتی ٹیکے لگائے گئے۔ چھ ماہ کے دوران فیصل آباد میں خسرہ سے جاں بحق ہونے والے بچوں کی تعداد 66 ریکارڈ کی گئی ہے ۔ ای ڈی او ہیلتھ ڈاکٹر عبدالرف کا کہنا ہے مہم ختم ہونے کے ایک ماہ بعد خسرہ کی وبا پر مکمل قابو پالیا جائیگا۔