نامور شاعر کو اردو اکیڈمی کارنامہ حیات ایوارڈ کی پیشکشی’ اردو اسکالرس ایسوسی ایشن کی جانب سے مبارک باد

Jameel Nazam

Jameel Nazam

نظام آباد : سر زمین نظام آباد سے دنیائے شعر و ادب میں اپنی شاعری اور رسالہ گونج کے ذریعے گزشتہ چار دہائیوں سے اپنی صحافتی خدمات کے ان مٹ نقوش چھوڑنے والے نامورشاعر’ادیب ‘صحافی’نقاد و ادارہ گونج کے بانی محترم جناب جمیل نظام آبادی کو اردو اکیڈیمی تلنگانہ اسٹیٹ کی جانب سے کارنامہ حیات ایوارڈ کی پیشکشی پر اردو اسکالرس اسوسی ایشن نظام آباد کے اراکین کی جانب سے مبارک باد پیش کی جاتی ہے۔

اردو اکیڈیمی تلنگانہ اسٹیٹ کی جانب سے 14 ڈسمبر کی شام رویندرا بھارتی میں منعقدہ ایک پر اثر تقریب میں نائب وزیر اعلیٰ جناب محمد محمود علی صاحب’ وزیر داخلہ این نرسمہار یڈی اور پروفیسر ایس اے شکور سکریٹری ڈائرکٹر اردو اکیڈیمی کے ہاتھوں جناب جمیل نظام آباد کو اردو شاعری کے فروغ کی مجموعی خدمات کے طور پر سعید شہیدی کارنامہ حیات ایوارڈ دیا گیا جو سپاس نامہ؛مومنٹو اور 25,000روپئے نقد رقم پر مشتمل ہے۔

جناب جمیل نظام آبادی کو کارنامہ حیات ایوارڈ کی پیشکشی پر اردو اسکالرس اسوسی ایشن نظام آباد کے سرپرستوں ڈاکٹر محمد اسلم فاروقی و ڈاکٹر محمد ناظم علی اور اراکین محمد عبدالبصیر’ محمد عبدالرحمٰن اور دیگر نے مبارک باد پیش کی ہے۔ جناب جمیل نظام آبادی نے1973ء سے ایک اردو ہفتہ وار اخبار گونج کے نام سے جاری کیا۔ جوآگے چل کر ایک ادبی ماہنامے میں تبدیل ہوگیا۔ ماہنامہ گونج کی اشاعت کے چالیس سال مکمل ہوچکے ہیں اور اس کے کئی خاص نمبر بھی جاری ہوئے ہیں۔ ادارہ گونج کے زیر اہتمام کئی ادبی اجلاس ‘مشاعرے ‘نعتیہ مشاعرے اور گونج ادبی ایوارڈ تقاریب منعقد کئے گئے۔

جمیل صاحب 1980ء سے ریاستی اردو اکیڈیمی کے ریجنل آفس نظام آباد پر مینجر کی حیثیت سے کارگذار ہیں۔ 1970ء سے شعر کہہ رہے ہیںان کی شاعری کے چھ مجموعے شائع ہوچکے ہیں۔ جمیل نظام آبادی کا پہلا شعری مجموعہ ” سلگتے خواب” کے عنوان سے 1978ء میں شائع ہوا۔ پھر ” تجدیدآرزو 1985ئ۔صبر جمیل 1993ئ۔دل کی زمین 2004ء اور ” سب سخن میرے 2010ء میں شائع ہوکر مقبول ہوئے۔ اس سال نعتوں کا مجموعہ ” ذکر جمیل” کے نام سے شائع ہوا ہے۔2007ء میں نثری مضامین کا مجموعہ ” حرف جمیل” کے نام سے شائع ہوا۔

جمیل نظام آبادی ایک اچھے افسانہ نگار بھی ہیں۔ ان کے افسانے اور غزلیں ملک اور بیرون ملک رسائل اور جرائد میں شائع ہوتے ہیں۔ ان کی چار کتابوں کو اردو اکیڈیمی اے پی نے انعامات سے نوازا۔ دکن کے 155شعراء اور قلمکاروںکی تصاویر اور تعارف پر مبنی ” گونج ادبی البم” کے نام سے شائع کیا۔جسے ایک دستاویزی اہمیت حاصل ہے۔ ایک اور مجموعہ کلام” شہر سخن” کے نام سے زیر طباعت ہے۔جمیل صاحب کو کارنامہ حیات ایوارڈ کی پیشکشی ضلع نظام آباد کی فروغ اردو خدمات کا اعتراف ہے جس پر نظام آباد کی اردو تنظیموں نے اردو اکیڈیمی سے اظہار تشکر کیا ہے۔

Jameel Nazam

Jameel Nazam

Jameel Nazam

Jameel Nazam