کراچی (جیوڈیسک) انسداد دہشت گردی عدالت نے بھتہ نہ دینے پر فیکٹری منیجر کو قتل کرنے والے ملزم کو دس فروری تک ریمانڈ پر پولیس کے حوالے کر دیا۔
فیکٹری منیجر کو بھتہ نہ دینے پر فیکٹری منیجرکو قتل کرنے والے ملزم کو انسداد دہشت گردی کی عدالت میں پولیس نے پیش کیا۔
ملزم کو جب عدالت میں پیش کیا گیا تو وہ مسلسل رو رہا تھا اور معافی مانگنے لگا اور کہا کہ مجھ سے یہ قتل انور گودھرا والے نے کروایا ہے۔ ملزم عدالت سے التجا کرتا رہا کہ اسے پولیس کے حوالے نہ کیا جائے۔
پولیس والے بہت مارتے ہیں۔ اس موقع پر عدالت کے جج نے ملزم سے کہا کہ تفتیشی افسر کو سب کچھ سچ بتانا وہ نہیں ماریں گے۔
ملزم نے عدالت کو بتایا کہ اسے دھمکی دی گئی تھی کہ اگر اس نے یہ قتل نہ کیا تو اس کے گھر والوں کو مار دیا جائے گا۔ بعد میں عدالت نے ملزم کو دس فروری تک ریمانڈ پر پولیس کے حوالے کر دیا۔