پولیس بوگس چیک کے مقدمات درج کرنے سے انکاری عدالتوں میں درخواستوں کی بھرمار

Gujranwala

Gujranwala

گوجرانوالہ (جیوڈیسک) گوجرانوالہ پولیس کا بوگس چیکوں کے مقدمات درج کرنے سے انکار، سیشن جج سمیت ضلع بھر کے ایڈیشنل سیشن ججوں کی عدالتوں میں مقدمات کے اندراج کی درخواستوں میں اضافہ ہو گیا۔ عدالتی ذرائع کے مطابق روزانہ بوگس چیکوں کے مقدمات کا اندراج کروانے کیلئے 35 سے 40 درخواستیں دائر کی جارہی ہیں، جن میں موقف اختیار کیا جاتا ہے

پولیس کو درخواست دینے کے باوجود مقدمات کا اندراج نہیں کیا جا رہا جبکہ ضابطہ فوجداری کے مطابق مقدمہ کے اندراج کے لئے درخواست دینے پر پولیس مقدمہ درج کرنے کی پابند ہے۔ عدالتی ذرائع کے مطابق سیشن کورٹ میں روزانہ کی بنیاد پر 120 کے قریب درخواستیں دائر ہوتی ہیں جن میں سے 35 بوگس چیکوں کے اندراج کے لئے دائر کی جاتی ہیں۔ 90 فیصد درخواستوں میں عدالتی احکامات کے باوجود متعلقہ تھانہ کے ایس ایچ اوز مقدمات درج نہیں کرتے جس کی وجہ سے متاثرہ فریق کو توہین عدالت کی درخواست دائر کرنا پڑتی ہے

40 فیصد معاملات میں توہین عدالت کی درخواستوں کے باوجود پولیس کے بوگس چیک کا مقدمہ درج نہ کرنے پر شہریوں کو لاہور ہائیکورٹ کا رخ کرنا پڑتا ہے۔ گزشتہ تین ماہ کے دوران احکامات کے باوجود بوگس چیک کے مقدمات درج نہ کرنے پر جوڈیشل افسران نے تھانہ کینٹ، ماڈل ٹاؤن، سبزی منڈی سمیت دیگر 8تھانوں کے ایس ایچ اوز کے خلاف سی پی او کو پولیس آرڈر کے سیکشن 155 کے تحت مقدمات درج کرنے کے احکامات جاری کئے۔