کراچی: سائٹ سپر ہائی وے پر بس کی ٹکر سے ایک نوجوان ہلاک

Karachi

Karachi

کراچی (جیوڈیسک) سائٹ سپر ہائی وے پر بس کی ٹکر سے ایک نوجوان جاں بحق اور ایک شخص زخمی ہو گیا، لاسی گوٹھ میں نالے میں گر کر تین سالہ بچہ ہلاک ہو گیا۔ تفصیلات کے مطابق سائٹ سپر ہائی وے صنعتی ایریا کے علاقے سپر ہائی وے نزد احسن آباد روڈ کے قریب اسٹیل مل کی بس نمبر JB-1403 کی ٹکر سے موٹر سائیکل نمبر HAJ -2752 پر سوار 25 سالہ احسان الدین ولد حاجی یاسین اور 33 سالہ شخص محمد نانا شدید زخمی ہو گئے جنہیں پولیس نے فوری طور پر قریبی اسپتال منتقل کرنے کی کوشش کی تاہم زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے احسان الدین دم توڑ گیا۔

پولیس نے ذمے دار ڈرائیور کو گرفتار کر کے بس قبضے میں کر لی۔پولیس کے مطابق متوفی نیو سبزی منڈی کے قریب کا رہائشی ہے، صبح کام پر جانے کے لیے گھر سے موٹر سائیکل پر نکلا تھا۔ پولیس نے قانونی کارروائی کے بعد لاش ورثا کے حوالے کر دی۔ دوسرے واقعے میں سہراب گوٹھ کے علاقے لاسی گوٹھ کے برساتی نالے میں گر کر 3 سالہ پرویز ولد محمود صدیقی جاں بحق ہو گیا جس کی لاش علاقہ مکینوں نے نکال کر عباسی شہید اسپتال منتقل کی، پولیس کے مطابق پرویز تین روز قبل نالے میں گرا تھا جس کی لاش جمعرات کے روز نکالی گئی، پولیس کے مطابق متوفی نور محمد گوٹھ کارہائشی تھا۔

دریں اثنا سچل تھانے کی حدود سپر ہائی وے پر واقع ٹوٹل پمپ کے سامنے تیز رفتار کار کی ٹکر سے ایک شخص شدید زخمی ہو گیا جسے تشویشناک حالت میں عباسی شہید اسپتال منتقل کر دیا گیا۔ جہاں پر اس نے دوران علاج زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ دیا پولیس نے بتایا کہ متوفی کی شناخت 65 سالہ امام دین ولد محمد دین کے نام سے کی گئی جو سچل گوٹھ کا رہائشی تھا۔ پولیس نے ضابطے کی کارروائی کے بعد لاش ورثا کے حوالے کر دی۔