کراچی (جیوڈیسک) شہر کے مختلف علاقوں میں پولیس اور سی آئی ڈی نے کارروائیاں کرتے ہوئے 135 ملزمان کو گرفتار کر کے بڑی تعداد میں اسلحہ، منشیات اور مسروقہ سامان برآمد کرلیا، ملزمان میں فرقہ ورانہ ٹارگٹ کلنگ میں ملوث افراد بھی شامل ہیں جن کا تعلق کالعدم اور مذہبی تنظیم سے ہے۔
تفصیلات کے مطابق سی آئی ڈی کے انسداد فرقہ ورانہ سیل کے انچارج فیاض خان نے 2 مختلف کارروائیوں میں 2 ملزمان کو گرفتار کرلیا، انھوں نے بتایا کہ پہلی کارروائی سعید آباد میں کی گئی جہاں سے ٹارگٹ کلر ناصر کو گرفتار کر کے ملزم کے قبضے سے اسلحہ برآمد کرلیا گی، ملزم کا تعلق ایک مذہبی جماعت سے ہے، دوسری کارروائی نارتھ کراچی میں کی گئی۔
جہاں سے ملزم ندیم اقبال کو گرفتار کیا گیا جس کا تعلق ایک کالعدم تنظیم سے ہے، دونوں ملزمان فرقہ ورانہ ٹارگٹ کلنگ کی وارداتوں میں ملوث اور مختلف مقدمات میں پولیس کو مطلوب تھے، صدر پولیس نے کارروائی میں 2 ملزمان محمد علی اور خرم کو گرفتار کر کے ملزمان کے قبضے سے اسلحہ برآمد کرلیا، ایس ایچ او صدر عارف آفریدی نے بتایا کہ ملزمان کا تعلق لیاری گینگ وار کے وصی اللہ لاکھو گروپ سے ہے۔