قصور (محمد عمران سلفی سے) مبینہ پولیس مقابلہ میں دو خطرناک ڈاکو پارچھ فرار،تفصیلات کے مطابق پولیس تھانہ گنڈاسنگھ والا گجرانوالہ سے دو خطرناک ملزمان عباس عرف بھٹو اور فلک شیر عرف بابر کو لے کر قصور آرہی تھی کہ تھانہ صدر کی حدود میں کالی پل کے قریب تین موٹر سائیکلوں پر سوار چھ ملزمان نے اچانک پولیس کی گاڑی پر حملہ کردیا اور اپنے دونوں ساتھیوں کو پولیس کی حراست سے چھڑوا کرفرار ہوگئے۔
وائرلیس پر کال چلنے پر پولیس کی مزید نفری نے پورے علاقے کو گھیرے میں لیکر ڈاکوئوں کی تلاش شروع کردی،قصوربڑے قبرستان کے قریب ڈاکوئوں کا سامنا پولیس سے ہوگیا تو ڈاکوئوں نے پولیس پر سیدھی فائرنگ شروع کردی۔
پولیس کی جوابی فائرنگ کے نتیجے میں دو ڈاکو ہلاک جبکہ چھ فرار ہوگئے،پولیس ذرائع کے مطابق ہلاک ہونے والے دونوں ڈاکو انتہائی خطرناک تھے اور تیس سے زائد مقدمات میں ملوث تھے، ہلاک ہونے والے ڈاکوئوں کے قبضے سے ایک کلاشنکو ف اور دو پستول برآمد ہوئے ہیں، پولیس فرار ہونے والے ڈاکوئوں کی تلاش کررہی ہے۔