کراچی (جیوڈیسک) پاکستان کے سب سے بڑے شہر کراچی کے علاقے لیاری میں آج پیر کے روز ہونے والے ایک پولیس مقابلے میں لیاری گینگ وار کا ایک اہم ملزم ہلاک ہوگیا ہے۔ ڈان نیوز ٹی وی کے مطابق اس کارروائی کے دوران ملزم غفار نیازی کے قبضے سے اسلحہ، واکی ٹاکی اور دستی بم بھی برآمد ہوئے ہیں۔
اس پولیس مقابلے کی سربراہی ڈی آئی جی ساؤتھ عبدالخالق شیخ نے کی۔ پولیس کا کہنا ہے کہ مقابلے میں ہلاک ہونے والا ملزم قتل اور اغوا سمیت دیگر سنگین وارداتوں میں ملوث تھا۔ خیال رہے کہ لیاری کراچی شہر کا وہ علاقہ ہے جہاں حالات مسلسل کشیدہ رہتے ہیں۔ رواں سال مارچ میں بھی ‘گینگ وار’ کے اہم ملزم کی ہلاکت کے بعد دو گروپس میں شدید جھڑپیں ہوئی تھیں، جن میں کم سے کم 12 افراد ہلاک ہوگئے تھے۔