فیصل آباد (جیوڈیسک) فیصل آباد میں پولیس کانسٹیبل نے چائے کے پیسے مانگنے پر گولیاں برسا دیں۔ ٹی اسٹال کا مالک اور بیٹا زخمی ہو گئے۔ سی پی او نے کانسٹیبل کی گرفتاری کا حکم دے دیا۔
یہ افسوسناک واقعہ فیصل آباد میں پیش آیا جہاں تھانہ ڈجکوٹ میں تعینات پولیس کانسٹیبل مظہر کسی کام کے سلسلے میں تھانہ منصور آباد کے علاقے میں آیا۔ مظہر نے غلام شبیر کے ٹی اسٹال سے چائے پی اور چلتا بنا۔
ٹی اسٹال کے مالک نے اسے روک کر چائے کے پیسے مانگ لئے۔ تمام چھوٹے دکانوں اور ٹھیلوں کو اپنی ملکیت سمجھنے والا یہ پولیس اہلکار دکاندار کے پیسے مانگنے پر شدید مشتعل ہو گیا اور اس نے نہایت بے رحمی کا مظاہرہ کرتے ہوئے فائرنگ کر دی۔
گولیاں لگنے سے ٹی اسٹال کا مالک غلام شبیر اور اس کا بیٹا مظہر زخمی ہو گئے۔ دونوں زخمیوں کو الائیڈ ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔ دوسری جانب سی پی او حیدر اشرف نے واقعہ کا نوٹس لیتے ہوئے کانسٹیبل کو معطل کرکے اس کی گرفتاری کا حکم دے دیا ہے۔