پولیس نے کرکٹر عمر اکمل کیخلاف مقدمے کا چالان عدالت میں جمع کرا دیا

Umar Akmal

Umar Akmal

لاہور (جیوڈیسک) پولیس نے کرکٹر عمر اکمل کے خلاف مقدمے کاچالان عدالت میں جمع کرا دیا، پولیس کے مطابق چالان میں عمر اکمل کو ٹریفک وارڈن سے جھگڑے کا باقاعدہ ذمہ دار قرار دیا گیا ہے، ایس پی انویسٹی گیشن کا کہنا ہے کہ عمر اکمل پر مقدمے کا چالان کل عدالت میں جمع کرا گیا تھا۔

عمر اکمل پر ٹریفک وارڈن سے جھگڑے کے بعد کار سرکار میں مداخلت پر مقدمہ درج کیا گیا تھا۔ پولیس کے مطابق واقعہ فردوس مارکیٹ کے قریب پیش آیا جہاں عمر اکمل نے سگنل توڑا اور وارڈن کے روکنے کے باوجود گاڑی نہ روکی، پولیس کا کہنا تھا کہ عمر اکمل نے وارڈن کے ساتھ بدتمیزی کی اور اسے دھمکیاں بھی دیں جبکہ عمر اکمل کا موقف ہے کہ انہوں نے وارڈن سے کہا کہ انہیں جلدی ہے، ایک تقریب میں جانا ہے لیکن اس نے بد تمیزی کی اور مجھ پر تشدد کیا، جس سے چہرے پر زخم بھی آیا۔

عینی شاہدین کے مطابق کرکٹر عمر اکمل اور ٹریفک وارڈن میں جھگڑا گاڑی کے کاغذات طلب کرنے پر ہوا تھا۔