لندن (جیوڈیسک) متحدہ قومی موومنٹ کے قائد الطاف حسین نے لاہور کے علاقے پولیس لائن قلعہ گجر سنگھ کے باہر خود کش بم دھماکے کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے اور دھماکے میں متعدد افراد کی شہادت اور زخمی ہونے پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔
ایک بیان میںانھوںنے کہا کہ دہشت گردی اور بم دھماکوں میں معصوم عوام کو خاک و خون میں نہلایاجارہا ہے جس کی جتنی بھی مذمت کی جائے وہ کم ہے۔ انہوں نے کہا کہ جو سفاک دہشت گرد بم دھماکہ کرکے معصوم و بے گناہ لوگوں کی جان و مال سے کھیل رہے ہیں وہ ملک و قوم کے کھلے دشمن ہیں۔
الطاف حسین نے لاہور پولیس لائن قلعہ گجر سنگھ کے باہر بم دھماکے میں شہیدہونے والے افراد کے سوگوار لواحقین سے دلی تعزیت وہمدردی کااظہار کرتے ہوئے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ شہداء کو جنت الفردو س میں اعلیٰ مقام عطا فرمائے ، لواحقین کو صبرجمیل عطا کرے اور زخمیوں کو جلد ومکمل صحت یابی عطا فرمائے ۔الطاف حسین نے صدر ممنون حسین ، وزیراعظم نوازشریف، وزیر داخلہ چوہدری نثار اور پنجاب کے وزیراعلیٰ شہبازشریف سے مطالبہ کیا کہ اس واقعے کا فوری نوٹس لیا جائے اور دھماکے میں ملوث عناصر کے خلاف فی الفور کاروائی کرکے انہیں قانون کے مطابق سخت سے سخت سزا دی جائے۔
دریں اثناایم کیو ایم رابطہ کمیٹی نے خضدار کے قریب کوچ الٹنے ، کراچی کورنگی نمبر 5پربس الٹنے اور کلفٹن برج پر ٹریفک حادثے کے نتیجے میں خاتون سمیت متعدد افرادکے جاں بحق ہونے پر افسوس کا اظہار کیا اور زخمیوں کی جلد صحتیابی کیلئے دعا کی ہے ۔ ایک تعزیتی بیان میں رابطہ کمیٹی نے مرحومین کے تمام سوگوار لواحقین سے دلی تعزیت و ہمدری کا اظہار کرتے ہوئے انہیں صبر کی تلقین کی۔ رابطہ کمیٹی نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ مرحومین کو اپنی جوار رحمت میں اعلیٰ مقام عطا فرمائے اور سوگوار لواحقین کو صبر جمیل عطا کرے۔
علاہ ازیں کورنگی نمبر 5پر بس الٹنے کی اطلاع ملتے ہی حق پرست رکن سندھ اسمبلی شیراز احمد نے جائے حادثے پرپہنچ کر اپنی نگرانی میں زخمیوں کو جناح اسپتال منتقل کیا۔ انہوں نے زخمیوںکی عیادت کی اورحادثے میں جاں بحق ہونے والوں کے لواحقین سے تعزیت بھی کی ۔ حق پرست رکن سندھ اسمبلی شیراز احمد نے اسپتال انتظامیہ کو زخمیوں کی بہتر طبی سہولتوں کی فراہمی کیلئے ہدایت بھی کی ۔