لاہور (جیوڈیسک) بادامی باغ کے علاقہ سے ضلعی انتظامیہ کی ٹیم نے مردہ جانوروں کا گوشت فروخت کرنے والے ایک ملزم کو پکڑ لیا جبکہ دوسرا فرار ہو گیا۔ بتا یا گیا ہے کہ بادامی باغ عامر روڈ پر میاں تنویر اپنے ایک ساتھی قیصر کیساتھ مل کر مردہ جانوروں کا گوشت جن میں گدھے گھوڑے بھی شامل ہیں مختلف جگہوں پر فروخت کرتے تھے۔ ضلعی انتظامیہ کی ٹیم نے ڈی او (لاری اڈا ) کو شکایات ملنے پر چھاپہ مارا تو میاں تنویر فرار ہو گیا جبکہ اسکے ساتھی قیصر کوموقع سے پکڑ لیا گیا۔ موقع سے گدھے اور گھوڑے سمیت بہت سے جانور مردہ پڑے ہوئے ملے۔
مقامی رہائشی شوکت کا کہنا ہے کہ 4 ماہ قبل جب یہ مردہ گوشت فروخت کرنے جا رہے تھے تو ہم نے پولیس کو فون کر کے ان کو گرفتارکرایا تھا لیکن پولیس نے ان سے پیسے لیکر چھوڑ دیا۔ ہم زندہ اور مردہ جانور لیکر آتے ہیں، ان کو مار کر ان کو خشک کرتے ہیں اوران کی کھال علیحدہ فروخت کرتے ہیں جبکہ چربی کا آئل بنا کر مارکیٹ میں علیحدہ فروخت کرتے ہیں اور انکی ہڈیوں کو خشک کرکے شہر کی مختلف فیکٹریوں میں دیتے ہیں جس سے مرغیوں کی خوراک بنتی ہے، ملزم نے مزید بتا یا کہ ہم مردہ جانوروں کا گوشت فروخت نہیں کرتے۔
اس حوالے سے ڈی او عائشہ ممتاز کا کہنا ہے کہ ہمیں اطلاع ملی تھی کہ یہاں سے مردہ جانوروں کا گوشت بن کر جاتا ہے جس پر ہم نے کارروائی کی جبکہ پولیس کا کہنا ہے کہ ایک ملزم حراست میں ہے مالک میاں تنویر کی گرفتاری کے بعد اصل حقائق سامنے آئیں گے۔