پولیس اہلکار نے فائرنگ کر کے یرغمال بنائے گئے دس سے زائد افراد کو بازیاب کروا لیا

POLICE CONSTABLE

POLICE CONSTABLE

وزیرآباد (تحصیل رپورٹر) تھانہ صدر کے علاقہ خسڑے بائی پاس کے قریب ڈاکو ناکہ پر بہادر پولیس اہلکار نے فائرنگ کر کے اپنے سمیت یرغمال بنائے گئے دس سے زائد افراد کو بازیاب کروا لیا۔ ایک ڈاکو موقعہ پر ہلاک، دوسرا شدید زخمی۔۔پولیس تھانہ گلیانہ گجرات میں تعینات احمد نگر چٹھہ کا رہائشی کانسٹیبل زین العابدین ڈیوٹی کے بعددن بارہ بجے کے قریب سادہ کپڑوں میں اپنے گھر واپس جارہا تھا کہ خسڑے کے قریب ڈاکو ئوں نے ناکہ پر روک لیا اور اس کے قبضہ سے3000روپے نقدی اور موبائل چھین لئے۔

ڈاکوئوں نے روڈ پر آنے والے تمام افراد کو یرغمال بنالیا۔ ددوسرے افراد میں کار سوار کوثر بی بی زوجہ صدی احمد اور اس کا بیٹا فیصل عباس ساکن ونیکے تارڑ ، منزہ بی بی زوجہ محمد بشیرساکن وائیانوالی اور اس کا بیٹا محمد نصیر اور دیگر شامل ہیں۔

ڈاکوئوں نے خواتین کے کانوں کی بالیاں اور دیگرزیورات وغیرہ اتروانے کے علاوہ قیمتی اشیاء اپنے قبضہ میں لے رکھی تھیں۔ڈاکو مزید لوگوں سے لوٹ مار کررہے تھے کہ اسی اثناء میں پولیس اہلکار زین العابدین نے ڈب لگے پسٹل سے ڈاکوئوں پر حملہ کردیا جس سے ایک نامعلوم ڈاکو موقعہ پر ہلاک جبکہ دوسرا ڈاکو شدید زخمی ہوگیا۔ زخمی ڈاکو کا نام عامر ولد رب نواز معلوم ہوا ہے بتایا جاتا ہے کہ وہ شاہدرہ کے علاقہ کا رہائشی اور ریکارڈ یافتہ ہے جبکہ مقامی کلرآبادی میں اس نے کرایہ پر رہائش رکھی ہوئی تھی۔

واقعہ کے بعد شہریوں کی بڑی تعداد موقعہ پر جمع ہوگئی اور انہوں نے پولیس اہلکار کی جوانمردی پر اسے شاباش دیتے ہوئے وزیراعلیٰ پنجاب سے بہادر پولیس اہلکار کو خصوصی انعام اور ترقی دینے کا مطالبہ کیا۔ شہریوں کا کہنا تھا کہ جرائم پیشہ افراد کیساتھ ایسا ہی سلوک ہونا چاہئے یہ واقعہ ڈاکوئوں کیلئے ایک سبق ہے۔زخمی ڈاکو کو ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال گوجرانوالہ منتقل کردیا گیا ہے۔