مہمند ایجنسی (جیوڈیسک) پاکستان کے صوبہ خیبر پختونخوا کے ضلع چارسدہ میں نامعلوم افراد نے پولیس کے موبائل وین پر فائرنگ کی ہے جبکہ پولیس کی جوابی کارروائی میں دو حملہ آور ہلاک ہوگئے ہیں۔ پاکستان کے سرکاری ٹی وی پی ٹی وی کے مطابق یہ واقعہ ضلع چارسدہ کی تحصیل شبقدر کے بازار میں پیر کو رات کے وقت پیش آیا۔
سرکاری ٹی وی کے مطابق نامعلوم حملہ آور موٹر سائیکل پر سوار تھے جن میں سے دو پولیس کی جوابی کارروائی کا نشانہ بنے۔ یہ معلوم نہیں ہو سکا ہے کہ حملہ آوروں کی فائرنگ سے پولیس کو کوئی جانی نقصان پہنچا ہے یا نہیں۔ ضلع چارسدہ قبائلی علاقے مہمند ایجنسی کی سرحد پر واقع ہے اور اس کے اکثر و بیشتر علاقے بم دھماکوں، خودکش حملوں اور ٹارگٹ کلنگ کی زد میں رہے ہیں۔
اتوار کو بھی شبقدر ہی کے پشاور چوک میں نامعلوم افراد نے فائرنگ کر کے دو پولیس اہلکاروں کو ہلاک کر دیا تھا۔ شبقدر پولیس کے ایک اہلکار بتایا تھا کہ دو سپاہی ایاز اور شہر یار ڈیوٹی پر موجود تھے جب انھیں نشانہ بنایا گیا۔ ان کے مطابق اتوار کو پولیس کو نشانہ بنانے والے حملہ آور موٹر سائیکل پر سوار تھے اور حملے کے بعد موقع سے فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے۔
تحصیل شبقدر مہمند ایجنسی کی سرحد کے قریب واقع ہے جہاں چند روز سے کشیدگی جاری ہے۔مہمند ایجنسی میں حکام کے مطابق پیر ہی کو غلنئی کے قریب سکیورٹی فورسز سے جھڑپ میں پانچ شدت پسند ہلاک ہوئے جبکہ ذرائع کے مطابق جھڑپ میں دو سکیورٹی اہلکار بھی زخمی ہوئے۔ گذشتہ روز مہمند ایجنسی میں ایک دھماکے میں چھ سیکیورٹی اہلکار ہلاک ہو گئے تھے جبکہ گذشتہ ہفتے مہمند کے علاقے کڑپہ سے چار افراد کی لاشیں ملی تھیں۔