کروڑ لعل عیسن ( نامہ نگار) پولیس کی بے بسی۔ مظلوم عورت اپنے اہل خانہ کے ساتھ تھانہ کروڑ کے سامنے روڈ بلاک کر کے سراپا احتجاج۔ ظالموں نے مجھے زدوکوب کیا لیکن پولیس مقدمہ درج نہیں کر رہی۔ اعلیٰ حکام سے مظلوم نسیم اختر ، تسلیم اختر ، چھوٹی بچی مصباح اور خاوند نور خان کی انصاف کی اپیل۔ تفصیل کے مطابق چند روز پہلے 84/TDA شیخاں کی بستی کے رہائشی رمضان چانڈیہ ، اسماعیل چانڈیہ نے نور خان کے گھر کا راستہ بند کر دیا تھا۔
جب نور خان کی بیوی نسیم اختر کسی کام سے باہر نکلی تو اس نے راستہ بند پا کر پانی والے کھال سے گزرنا چاہا لیکن وہاں رمضان چانڈیہ ، اسماعیل چانڈیہ ، یعقوب چانڈیہ وغیرہ نے اس کو خوب زدوکوب کیا ۔ اس کی بیٹی تسلیم اختر اور معصوم بچی مصباح جب اپنی والدہ کو بچانے کیلئے دوڑیں تو ان ظالموں نے انہیں بھی ظلم کا نشانہ بنا ڈالا جس سے وہ کافی زخمی ہوگئیں۔
پولیس خود ان کو ہسپتال لائی۔ اور میڈیکل کروایا۔ لیکن ظالموں کے خلاف کوئی مقدمہ درج نہ کیا گیا۔ نور خان اور نسیم اختر نے صحافیوں کو بتایا کہ وہ تین دن سے تھانے کے چکر لگا رہے ہیں لیکن ان کی بات کوئی نہیں سن رہا ہے۔ جس کی وجہ سے انہوں نے پولیس کے خلاف تھانہ کروڑ کے سامنے روڈ پر احتجاج کیا۔ انہوں نے اعلیٰ حکام سے پر زور اپیل کی ہے کہ ان کی ایف آئی آر درج کی جائے انہیں انصاف مہیا کیا جائے۔