کروڑ لعل عیسن ( نامہ نگار) پولیس کی ملی بھگت سے کروڑ تا بھکر روڈ پر رات میں کھلے عام وارداتوں کا سلسلہ جاری۔ روزانہ ہزاروں روپے کا مال لوڈ ٹرکوں سے اتار لیا جاتا ہے۔ پولیس کو معلوم ہونے کے باوجود کوئی کاروائی نہیں کی جا رہی۔ چوروں کے خلاف سخت سے سخت کاروائی کی جائے۔ عوامی سماجی حلقوں کا ڈی پی او لیہ غازی محمد صلاح الدین اور ڈی سی او لیہ رانا گلزار احمد سے مطالبہ۔ تفصیل کے مطابق کروڑ بھکر روڈ پر گزشتہ کئی ماہ سے گزرنے والے لوڈ ٹرکوں سے گندم ، کھاد اور دیگر سامان اتارنے والے چوروں کا گروہ سر گرم۔
گزشتہ رات بھی محمود برادر لیہ کے نام سے گندم کی بوریوں سے لدا ٹرک ڈی آئی خان کی طرف جا رہا تھا کہ 90 موڑ بہل کے درمیان وارداتیں کرنے والے گروہ کے افراد نے موٹرسائیکل پیچھے لگا کر اپنے ایک ساتھی کو ٹرک پر چڑھا دیا جس نے ٹرک سے گندم کی بوریاں نیچے پھینکنا شروع کر دیں۔ اس اسناء مقامی لوگوں نے پیٹرلنگ پولیس کو اطلاع دی جنہوں نے کھیتوں سے گندم کی بوریاں اٹھا کر اپنی گاڑی میں ڈالی اور تھانے میں مقدمہ کروانے اور مال مقدمہ کا کہہ کر چلے گئے لیکن پولیس تھانہ کروڑ میں تاحال نہ مقدمہ درج ہوا ہے۔
اطلاع کے مطابق چوروں کا تعلق جھرکل کے علاقہ سے ہے اور پولیس تھانہ کروڑ کو ان افراد کا علم ہے لیکن پولیس کاروائی سے گریزاں ہے۔ علاقہ کے لوگوں نے چوریوں کو روکنے کیلئے ایک کمیٹی تشکیل دی ہے جن میں چوہدری نذیر ، چوہدری اسماعیل ، چوہدری گلزار ، چوہدری قربان ، چوہدری سجاد ، محمد تنویر انجم، جہانگیر انجم و دیگر شامل ہیں۔ جن کے مطابق وہ اس سلسلہ میں پولیس کے اعلیٰ حکام سے ملاقات میں آئے روز چوری کی وارداتوں کو روکنے کیلئے اقدامات کا مطالبہ کریں گے۔