کراچی (جیوڈیسک) کراچی پولیس کا ایک اور انوکھا کارنامہ پہلے اے این پی کے دفتر پر دھماکے کے اہم ملزم کی گرفتاری کا دعوی کیا پھر بے گناہ قرار دے کر چھوڑ دیا۔ ملزم کا چالان بھی پیش نہیں کیا گیا۔ ایس پی اورنگی ٹان نے پانچ مئی کو پریس کانفرنس میں مومن آباد دھماکے کے اہم ملزم عارف کی گرفتاری کا دعوی کیا تھا۔
ذرائع کے مطابق تحقیقات کے بعد پولیس نے ملزم کو بے گناہ قرار دے کر چھوڑ دیا ہے۔ ملزم کا چالان بھی عدالت میں پیش نہیں کیا۔ پولیس ذرائع کے مطابق عارف نے اپنے بیان میں کہا تھا کہ اس کے بھائی آصف کا تعلق کالعدم تنظیم سے ہے اور وہ دو ماہ سے رکشہ لے کر فرار ہو گیا تھا۔
جس کے بعد پولیس ملزم آصف کی تلاش کے لیے شہر بھر میں چھاپے مار رہی ہے۔ مومن آباد میں اے این پی کی کارنر میٹنگ میں بم دھماکے میں گیارہ افراد جاں بحق اور پنتالیس زخمی ہو گئے تھے۔