پولیس کی کاروائیوں میں 101 ملزمان گرفتار، اسلحہ ومنشیات برآمد

Karachi

Karachi

کراچی (جیوڈیسک) پولیس نے 2 زخمی سمیت 101 ملزمان کو گرفتار کرکے قبضے سے اسلحہ ، منشیات اور ہیروئن برآمد کر لی، تفصیلات کے مطابق بریگیڈ پولیس نے لائنز ایریا میں کارروائی کرتے ہوئے 3 ملزمان شاکر، امتیاز اور کلیم اﷲ کو گرفتار کر کے قبضے سے اسلحہ و دیگر سامان برآمد کرلیا۔

ملزمان لوٹ مار کی متعدد وارداتوں میں پولیس کو مطلوب تھے ، شیر شاہ پولیس نے اکبر روڈ ندی کے قریب لوٹ مار کرنے والے 25 سالہ شاہد رحمٰن اور 26 سالہ شیر محمد کو مقابلے کے بعد زخمی حالت میں گرفتار کر کے قبضے سے 2 ٹی ٹی پستول اور ایک چھینی گئی۔

موٹر سائیکل نمبر KFZ-667 برآمد کرلی ، ایس ایچ او شیر شاہ اعجاز خواجہ نے بتایا کہ ملزمان نے تفتیش کے دوران 12 سے زائد وارداتوں کا اعتراف کیا ہے جبکہ ملزمان لوٹ مار کے دوران مزاحمت کرنے پر 4 افراد کو بھی زخمی کرچکے ہیں۔

اقبال مارکیٹ پولیس نے اورنگی ٹاؤن سیکٹر ساڑھے گیارہ ڈبہ موڑ کے قریب پولیس نے خفیہ اطلاع پر کارروائی کے بعد 4 ملزمان جاوید، آصف، منصف اور زمان کو گرفتار کر کے 16 کلو گرام چرس برآمد کرلی۔

پولیس کے اعلامیے کے مطابق پولیس اورسی آئی اے نے 24 گھنٹوں کے دوران 90 چھاپوں اور 6 پولیس مقابلوں کے بعد 92 ملزمان کو گرفتار اور ایک جرائم پیشہ کو ہلاک کر دیا۔

ہلاک و گرفتار ملزمان کے قبضے سے مختلف اقسام کے 30 ہتھیار، 5 کلو 30 گرام چرس اور ہیروئن برآمدہوئی ہے ، گرفتار ملزمان میں پرڈکیتی چوری، غیر قانونی اسلحہ رکھنے اور منشیات فروخت کرنے کے مقدمات درج تھے۔