کراچی (جیوڈیسک) رینجرز اور پولیس نے شہر کے مختلف علاقوں میں چھاپے اور ٹارگٹڈ آپریشن کے دوران ایک زخمی ملزم سمیت 107 ملزمان کو گرفتار و حراست میں لے کر ان کے قبضے سے اسلحہ اور دستی بم برآمد کیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق ایس ایچ او گلشن اقبال انسپکٹر اورنگ زیب خٹک نے پولیس پارٹی کے ہمراہ گلشن اقبال بلاک 13 /D1میں کارروائی کرتے ہوئے مقابلے کے بعد ملزم راشد ولد طفیل کو زخمی حالت میں گرفتار کر کے اس کے قبضے سے ٹی ٹی پستول، طلائی زیورات اور شٹر کاٹنے والا کٹر برآمد کر لیا، گرفتار ملزم کا ایک ساتھی موقع سے زخمی حالت میں فرار ہو گیا، رسالہ پولیس نے پان منڈی میں خفیہ اطلاع پر کارروائی کرتے ہوئے سیاسی جماعت سے تعلق رکھنے والے ملزم کامران عرف کمو عرف کامی ولد عبدالغفار کو گرفتار کر لیا، ایس ایچ او رسالہ فیصل خان نے بتایا کہ ملزم نے دوران تفتیش کئی افراد کو قتل کرنے کا انکشاف کیا ہے۔
ملزم کے قبضے سے ایک سب مشین گن اور ایک دستی بم برآمد کر لیا، رینجرز اور پولیس نے پٹھان کالونی اور قصبہ موڑ کے قریب ٹارگٹڈ آپریشن کے دوران 12 مشتبہ افراد کو حراست میں لے کر نامعلوم مقام پر منتقل کر دیا، کورنگی صنعتی ایریا پولیس نے مہران ٹاؤن سے 5 ملزمان محمد یونس، نورین شاہ، عبدالرحمٰن، صالح محمد اور محمد منظر کو گرفتار کر کے 5 ٹی ٹی پستول برآمد کر لیے، پولیس کا کہنا ہے کہ ملزمان عادی جرائم پیشہ ہے ان سے مزید تفتیش کی جا رہی ہے، کراچی پولیس کے ترجمان کی جانب سے جاری کردہ اعلامیے کے مطابق پولیس نے گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 88 ملزمان کو گرفتار کر لیا، اعلامیے کے مطابق گرفتار ملزمان میں ٹارگٹ کلر، بھتہ خور اور مختلف جرائم میں ملوث ملزمان شامل ہیں۔