کراچی (جیوڈیسک) وزیر اعظم نواز شریف کا کہنا ہے کہ نئے آئی جی سندھ کا تقرر گورنر سندھ اور وزیر اعلیٰ سندھ کی مشاورت سے کیا جائے گا، وفاقی حکومت کراچی کے میگا پراجیکٹ کی جلد سے جلد تکمیل کے لئے ہر ممکن مدد کرے گی۔
وزیر اعظم نواز شریف نے کراچی میں امن و امان کے حوالے سے اجلاس کی صدارت کی۔ ڈی جی رینجرز نے اپنی بریفنگ میں بتایا کراچی کے مضافاتی علاقوں میں ٹارگٹڈ آپریشن جاری ہے، آپریشن کے دوران اہم کامیابیاں بھی ملی ہیں تاہم انہوں نے کہا ملزموں کی دی جانے والی سزائیں انتہائی کم ہیں۔ وزیر اعظم نواز شریف نے کہا سندھ پولیس نے آپریشن میں بہت قربانیاں دی ہیں۔
نواز شریف نے اجلاس کے شرکا کو بتایا سندھ حکومت کی درخواست پر نئے آئی جی سندھ کا تقرر گورنر سندھ اور وزیر اعلیٰ سندھ کی مشاورت سے کیا جائے گا۔ اجلاس میں کراچی میگا پراجیکٹ کے حوالے سے بھی بریفنگ دی گئی۔ وزیر اعظم نے یقین دہانی کرائی ہے کہ وفاقی حکومت کراچی کے میگا پراجیکٹ کی جلد سے جلد تکمیل کے لئے ہر ممکن مدد کرے گی۔
اجلاس میں کور کمانڈر لیفٹیننٹ جنرل سجاد غنی، وزیر بلدیات شرجیل میمن، کمشنر کراچی شعیب صدیقی، ایم کیو ایم کے رہنماؤں بابر غوری، فاروق ستار، ڈاکٹر مقبول صدیقی نے شرکت کی۔ اجلاس سے پہلے وزیر اعظم نواز شریف کراچی پہنچنے کے فوری بعد وفاقی وزرا چوہدری نثار ، خواجہ سعد رفیق اور سینیٹر مشاہداللہ خان کے ہمراہ ڈیفنس میں واقع مرحوم نواب خیر بخش مری کی رہائش گاہ پہنچے اور ان کے صاحبزادے نواب چنگیز خان مری سے ان کے والد کے انتقال پر تعزیت اور فاتحہ خوانی کی۔