پولیس نے اندرون سندھ سے 5428 جرائم پیشہ گرفتار کر لیے

Arrest

Arrest

کراچی (جیوڈیسک) حیدرآباد، سکھر، لاڑکانہ، میرپورخاص اور شہید بینظیرآباد پولیس نے مختلف تھانہ جات کی حدود پر مشتمل مضافاتی گنجان آباد، میدانی اور سرحدی علاقوں سمیت ہائی ویز پر جرائم کے خلاف منظم اور مربوط کارروائیوں اور پولیس مقابلوں کے بعد مجموعی طور پر5 ہزار 428 ملزمان کو گرفتار کرکے بڑی مقدار میں اسلحہ اور گولہ بارود برآمد کرلیا۔

آئی جی سندھ غلام حیدر جمالی کو رواں سال یکم جنوری سے اب تک کی پولیس کارکردگی رپورٹ میں بتایا گیا کہ سندھ پولیس و رینجرز نے غیر معمولی حکمت عملی پر مشتمل اقدامات کی بدولت 464 پولیس مقابلوں میں116 جرائم پیشہ ملزمان ہلاک جبکہ 330 کو رنگے ہاتھوں گرفتار کیا۔

ان کارروائیوں کے نتیجے میں جرائم پیشہ عناصر کے نہ صرف175 گروہوں کا خاتمہ ہوا اور 15 پتھاریداروں کو گرفتار کیا گیا جو جرائم پیشہ عناصر کو پناہ دیتے تھے، رپورٹ میں بتایا گیا کہ گرفتار ملزمان میں2 ہزار 983 مفرور، 450 اشتہاری، 11 بھتہ خور، 5 اغوا کار، 15 دہشت گرد، 3ٹارگٹ کلرز اور ایک ہزار609 ڈکیتوں کے علاوہ ایسے 7 ڈاکو بھی شامل ہیں جن کی گرفتاری پر حکومت سندھ کی جانب سے انعام مقرر تھا۔