قصور (محمد عمران سلفی سے) سٹی پولیس قصور نے ڈی پی اوقصور سید علی ناصر رضوی کی خصوصی ہدایات پر نیشنل ایکشن پلان کے تحت کاروائی کرتے ہوئے لاکھوں روپے مالیت کا جدید غیرلائسنسی اسلحہ آتشیں بھاری تعداد میں برآمد کر لیا ہے۔
ڈی ایس پی سٹی سرکل میں اکرام خاں نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے بتلایا کہ موجودہ ملکی صورتحال کے پیش نظر گورنمنٹ کی طرف سے جاری کردہ ہدایات کے مطابق نیشنل ایکشن پلان کے تحت ضلع بھر کے مختلف مقامات پرانفارمیشن بیسڈ ٹارگٹڈ سرچ آپریشن کیے جارہے ہیں اس سلسلہ میںخاص انفارمیشن موصول ہوئیں کہ ریلوے روڈ پر واقعہ ذیشان اسلحہ ڈیلر کے پاس لاکھوں روپے مالیت کا بھاری مقدار میں جدید اسلحہ آتشیں غیر لائسنسی سٹاک کیا ہوا ہے اس اہم انفارمیشن پر ذیشان اسلحہ ڈیلرکی دکان معہ گودام پر سرچ آپریشن کیا۔
جس کے نتیجہ میں 95 مختلف نوعیت کا غیر قانونی جدید اسلحہ آتشیں برآمد کرکے دو ملزمان محمد صادق ولد محمد ابراہیم قوم لوہار سکنہ بستی امام دین قصور ،اکبر علی ولد بشیر احمد قوم لوہار سکنہ کچا پکا کو گرفتار کر لیا گیا برآمد ہونے والے اسلحہ میں رائفل 44 بور 3 عدد ،رائفل 222 بور 1 عدد،10عددرائفل 7MM ، 18 عدد بندوق 12 بور، 16 عدد پمپ ایکشن ،4عدد رپیٹر،26 عدد پسٹل،4 پسٹل 9MM اور 13 ریوالور شامل ہیں۔ڈی ایس پی سٹی محمد اکرام خاں نے مزید کہا کہ عوام کی جان و مال کی حفاظت اور دہشتگردوں کے ناپاک عزائم کو ناکام بنانے کیلئے نیشنل ایکشن پلان کے تحت سرچ آپریشن آئندہ بھی اس طرح کے تسلسل سے جاری رہیں گے اور انشاء اللہ ضلع قصور کو اسلحہ سے پاک کرکے ہی دم لیں گے۔