راولپنڈی (جیوڈیسک) پولیس نے اسلحہ سے بھری گاڑی پکڑ کے شہر کو بڑی تباہی سے بچا لیا، کارروائی کے دوران دو دہشتگردوں کو گرفتار کر کے 2 خود کش جیکٹس، درجنوں دستی بم اور کلاشنکوف برآمد کرلی گئیں۔ ایس ایس پی آپریشنز راولپنڈی سکندر حیات نے راولپنڈی میں پریس کانفرنس کے دوران بتایا کہ خفیہ اطلاع پر پشاور سے آنے والی کرولا گاڑی کو نصیر آباد میں پولیس ناکے پر روکا گیا۔
تو اس میں موجود دو نوجوانوں نے گاڑی بھگانے کی کوشش کی۔ پولیس نے پیچھا کرتے ہوئے دونوں دہشت گردوں کو گرفتار کر لیا۔ تلاشی پر گاڑی کے سی این جی سلنڈر میں سے دو خودکش جیکٹ، بیس دستی بم، چار کلاشکوف، چار پستول اور بھاری مقدار میں گولیاں برآمد کر لی گئی ہیں۔
ابتدائی تفتیش کے مطابق دہشتگردوں کا ہدف راولپنڈی شہر تھا۔ پولیس کے مطابق دونوں دہشتگردوں کا تعلق میرانشاہ سے ہے۔ دہشتگردوں کو مزید تفتیش کیلئے نا معلوم مقام پرمنتقل کردیا گیا ہے۔