کیمپ جیل میں سائبر کرائم کے ملزم کی پراسرار ہلاکت

Lahore

Lahore

لاہور (جیوڈیسک) کیمپ جیل میں سائبر کرائم کا ملزم پر اسرار طور پر ہلاک ہو گیا۔ بتایا گیا ہے کہ ایف آئی اے نے 10 روز قبل بہاول نگر سے سائبر کرائم کے الزام میں 22 سالہ نوجوان عتیق کو گرفتار کیا۔ ایف آئی نے نے عتیق کو 4 روز اپنے پاس رکھنے کے بعد 3 روز تک اس کا جسمانی ریمانڈ لیا اور پھر اسے کیمپ جیل منتقل کر دیا۔

جہاں پر اس کا بھائی اسے ملنے آیا تو عتیق نے بتایا کہ ایف آئی اے کے شدید تشدد کے باعث اس کی حالت خراب ہے اور ڈاکٹرز بھی ٹھیک طریقے سے علاج نہیں کرر ہے۔ عتیق کے بھائی نے الزام عائد کیا کہ بھائی کی موت ایف آئی اے کے تشدد اور ڈاکٹرز کے بر وقت علاج نہ کرنے کے باعث ہوئی۔پولیس کا کہنا ہے کہ لاش کو ورثا کے حوالے کر دیا گیا ہے جو تدفین کے لئے بہاولنگر لے گئے ہیں۔ پولیس کا مزید کہنا ہے کہ پوسٹ مارٹم رپورٹ آنے کے بعد ہی اصل حقائق سامنے آئیں گے۔