کراچی (اصل میڈیا ڈیسک) کراچی میں نسلہ ٹاور کے ذمےداران افسران کے گھر پر پولیس نے چھاپوں کا سلسلہ شروع کردیا ، تاہم تاحال کوئی بھی گرفتاری عمل میں نہیں آسکی ۔
ذرائع کے مطابق نسلہ ٹاور ذمہ داران کے خلاف درج مقدمے میں پولیس کا ایس بی سی اے افسران کے گھروں پر چھاپوں کا سلسلہ شروع ہوگیا ہے۔
حکام کے مطابق فریئر میں ڈپٹی ڈائریکٹر ایس بی سی اے صفدر مگسی کے گھر پر چھاپہ ماراگیا، صفدر مگسی چھاپے کے وقت گھر پر موجود نہیں تھا۔
پولیس حکام کا کہنا ہے کہ سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی نے نسلہ ٹاور کے 30ذمہ داران کے نام دیے ہیں اور صفدر مگسی ان میں سر فہرست ہے،صفدر مگسی نسلہ ٹاور بنائے جانے کےوقت اسسٹنٹ ڈائریکٹر تھا تاہم سابق ڈی جی ایس بی سی اے منظور قادر عرف کاکا نے صفدر مگسی کو گریڈ 21میں تعینات کررکھاتھا۔
پولیس حکام کے مطابق دیگر مطلوب ملزمان میں اسسٹنٹ ڈائریکٹر ماجد مگسی اور اس وقت کے ڈپٹی ڈائریکٹر سرفراز حسین ودیگر شامل ہیں۔
پولیس حکام نے مزید بتایا کہ سندھ مسلم سوسائٹی کے ذمہ دارارن نے تاحال نام فراہم نہیں کیے، انکا انتظار ہے۔