کراچی (جیوڈیسک) پولیس ٹریننگ کالج سعید آباد پر حملے کے خدشات بڑھ گئے ہیں جس کے بعد حفاظتی انتظامات بھی مزید سخت کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
اس سلسلے میں سینٹر کے گرد 20 انتہائی جدید کیمرے نصب کیے جائیں گے جبکہ واچ ٹاورز پر ماہر نشانہ باز (اسنائپر) تعینات کردیے گئے، کیمروں کے ذریعے سینٹر کے گرد ہر نقل و حرکت پر نظر رکھنے میں مدد ملے گی مرکزی دروازے پر نفری میں بھی اضافہ کردیا گیا۔
سعید آباد میں قائم پولیس ٹریننگ کالج پر حملے کے خدشات بڑھ گئے ہیں ، ہفتے کی شب بھی سینٹر کے سامنے سے 100 کلو وزنی بم برآمد ہوا تھا جوکہ بم ڈسپوزل اسکواڈ کی 2 مرتبہ کوشش کے باوجود ناکارہ نہیں ہوسکا تھا، تیسری کوشش میں کامیابی حاصل ہوئی، اس سے قبل بھی پولیس ٹریننگ سینٹرز پر حملے کے حوالے سے حساس ادارے خبردار کرچکے ہیں، حساس اداروں نے سینٹر کے بیچوں بیچ بہنے والے نالے کو بھی سیکیورٹی رسک قرار دیا ہے۔