پاسبان ویلفیئر سینٹر نے گذشتہ سال میں مختلف بیماریوں میں مبتلا 35 ہزار سے زائد مریضوں کا مفت علاج معالجہ کرایا
Posted on January 31, 2014 By Majid Khan سٹی نیوز
فیصل آباد: پاسبان ویلفیئر سینٹر نے گذشتہ سال میں مختلف بیماریوں میں مبتلا 35 ہزار سے زائد مریضوں کا مفت علاج معالجہ کرایا جن میں سرکاری ہسپتالوں میں 33 ہزار سے زائد مریضوں کو آئوٹ ڈور پر طبی سہولیات فراہم کرنے کے علاوہ شوگر کے تقریباً 2 ہزار مریضوں کے ٹیسٹ کرائے گئے جبکہ ٹیکنیکل اینڈ ویلفیئر سنٹر میں نوجوانوں کو بہتر روز گار کی فراہمی کے سلسلے میں موبائل رپیرنگ، کمپیوٹر کورسز، الیکٹریشن و دیگر فنی تربیت فراہم کی جا رہی ہے۔
یہ بات چیئرمین پاسبان آئی ٹی گروپ میجر(ر) شاہنواز الحسن نے کمپیوٹر کورسز کے کامیاب شرکاء میں تقسیم اسناد کی تقریب کے موقع پر بتائی۔ تقریب کے مہمان خصوصی ایم پی اے شیخ اعجازاحمد تھے جبکہ حاجی ظہیر الدین، محمد زبیر، کاشف، میاں اعجاز احمد و دیگر کے علاوہ مختلف کورسز کرنے والے نوجوان بھی اس موقع پر موجود تھے۔ چیئرمین پاسبان آئی ٹی گروپ میجر(ر)شاہنواز الحسن نے بتایا کہ سوسائٹی کا مقصد غریب اور نادار افراد کو سہولیات فراہم کرنا ہے جس پر صدق دل سے عمل کیا جا رہا ہے۔
انہوں نے بتایا کہ نوجوانوں کو پاسبان ٹیکنیکل اینڈ ویلفیئر سنٹر میں کمپیوٹر سمیت دیگر ہنر سکھائے جا رہے ہیں تاکہ وہ اپنے پیروں پر کھڑے ہو کر خاندان کی کفالت کر سکیں۔انہوں نے تقریب میں شرکت کرنے پر ایم پی اے شیخ اعجاز احمد کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ پاسبان آئی ٹی گروپ انسانیت کی بھلائی کے لیے اپنی خدمات جاری رکھے گا۔
ایم پی اے شیخ اعجاز احمد نے پاسبان ویلفیئر سوسائٹی کی گرانقدر کاوشوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ وطن عزیز کو خوشحالی سے ہمکنار کرنے کے لیے ہمیں لاکھوں ہنرمند تیار کرنا ہونگے کیونکہ تابناک مستقبل کی درست سمت اور کامیابی کا راستہ یہی ہے کہ معاشرے میں ہنر مندی کو زیادہ سے زیادہ فروغ دیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ ووکیشنل اداروں میں ٹیکنیکل تعلیم دے کر ہنر مند بنانا سب سے بڑی قومی ضرورت ہے موجودہ پنجاب حکومت وزیر اعلیٰ کی قیادت میں نوجوانوں کی بھرپور تعلیم و تربیت کے ساتھ ساتھ ان کی ٹیکنیکل ٹریننگ کے اداروں کی بھی بھرپور سرپرستی کر رہی ہے۔
انہوں نے کمپیوٹر کورسز میں نمایاں کارکردگی کے حامل نوجوانوں کی کارکردگی اور ویلفیئر سنٹر انتظامیہ کی طرف سے خوشگوار ماحول کی فراہمی کو سراہا۔ قبل ازیں شیخ اعجاز احمد اور میجر(ر) شاہنواز الحسن نے کمپیوٹر کورس مکمل کرنے والوں میں تعریفی اسناد تقسیم کیں۔
by Majid Khan
Nasir Mehmood - Chief Editor at GeoURDU.com