جھنگ (ڈسٹرکٹ رپورٹر) ضلع کو پولیو وائرس کے مرض سے پاک کرنے کیلئے تمام تر ضروری اقدامات بروئے کار لاتے ہوئے سٹاف ،وسائل اور ویکسین کی کمی کو ہر گز آڑھے نہ آنے دیا جائے اس ضمن میں متعلقہ عملہ کو ٹریننگ دے کر زیادہ سے زیادہ متحرک رکھا جائے۔ یہ بات انسداد پولیو مہم کے آئندہ رائونڈ 25 اپریل تا 27 اپریل 2016ء کے سلسلہ میں کئے گئے انتظامات کا جائزہ لینے سے متعلق منعقدہ اجلاس میں بتائی گئی جس کی صدارت ایڈیشنل ڈسٹرکٹ کلکٹر عبدالقادر شاہ نے کی۔
اجلاس میں ای ڈی او ہیلتھ ڈاکٹر ظفر عباس خان، ڈی ایچ او ڈاکٹرحافظ غلام قادراور، ایم ایس ڈاکٹر ممتاز سیال کے علاوہ ڈی ڈی ایچ اوز، محکمہ تعلیم ،پرنسپل نرسنگ سکول،ڈاکٹروں اور سپر وائزرز سٹاف نے شرکت کی۔
اے ڈی سی عبدالقاد شاہ نے محکمہ صحت کے افسران کو ہدایت کی کہ وہ اپنی اپنی سطح پر عوام کو آئندہ تین روزہ پولیو مہم کے بارے آگہی دینے کیلئے مثبت کردار اد ا کریں تاکہ اس دوران کوئی بچہ قطرے پیئے بغیر نہ رہ جائے۔اس موقع پر ای ڈی او ہیلتھ ڈاکٹر ظفر عباس نے بریفنگ کے دوران بتایا کہ ملک کو پولیو فری کرنے کیلئے حکومت کی طرف سے چلائی جانے والی مہم کے آئندہ تین روزہ رائونڈ کے دوران ضلع جھنگ میں دئیے گئے ٹارگٹ کے مطابق پانچ سال تک کی عمر کے چار لاکھ 55 ہزار 64 بچوں کو قطرے پلانے کیلئے ضلع کی 85 یونین کونسلز میں 891 موبائل ٹیمیں تشکیل دی گئی ہیں جبکہ 41ٹرانزٹ پوائنٹس، 95 فکس پوائنٹ، 85 زونل سپر وائزرزاور 189 ایریا انچاجز مقرر کئے گئے ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ تین روزہ مہم کے اختتام پرمزید دو دن کیچ اپ ڈیز کے طورپر منائے جائیں گے جن میں ایسے بچوں کو پولیوو یکسین دی جائیگی جو کسی وجہ سے ویکسین نہ لے سکیں ہوں۔ اے ڈی سی عبد القادر شاہ نے کہا کہ محکمہ ایجو کیشن، پاپولیشن ویلفیئر، سوشل ویلفیئر، پولیس، ایگریکلچر اور انفارمیشن مہم کی کامیابی کے سلسلہ میں اپنا بھرپور کردار ادا کریں۔