کراچی (اسٹاف رپورٹر) شاہ فیصل کالونی میں انسداد پولیو مہم کے حوالے سے انتظامات مکمل، گھر گھر پولیوسے بچائو کے قطرے پلانے کی مہم کو کامیاب اور مکمل سیکورٹی انتظامات فراہم کئے جائیں گے ۔تفصیلات کے مطابق اسسٹنٹ کمشنر شاہ فیصل ولی محمد بلوچ کی صدارت میں محکمہ ہیلتھ کے افسران اور ہیلتھ وزیٹرز کا اجلاس منعقد ہوا جس میں پولیو ٹیموں کی حفاظت کو یقینی بنا نے کے لئے ضلع انتظامیہ کے افسران کے ساتھ علاقہ پولیس اور رینجرز کے افسران نے بھی شرکت کی۔
اسسٹنٹ کمشنر ولی محمد بلوچ نے کہاکہ کمشنر کراچی آصف حیدر شاہ اور ڈپٹی کمشنر ضلع کورنگی زمان ناریجو کے احکامات پر عمل درآمد کرتے ہوئے انسداد پولیو مہم کو کامیاب اور گھر گھر پولیو سے بچائو کے حفاظتی ویکسین پلانے والی ٹیموں کو مکمل تحفظ فراہم کیا جائیگا ۔انہوں نے ہیلتھ وزیٹرز سے کہاکہ وہ نیک نیتی کے ساتھ اپنے فرائض کی انجام دہی کو ادا کرتے ہوئے مستقبل معماروں کو پولیو جیسے مہلک مرض سے چھٹکارہ دلائیں۔