پولیو ایک خطرناک بیماری ہے جس سے ملک پاکستان اور آزاد کشمیر خطرے میں ہے۔ ڈاکٹر محمد اقبال

Bhimber

Bhimber

بھمبر (نمائندہ خصوصی) پولیو ایک خطرناک بیماری ہے جس سے ملک پاکستان اور آزاد کشمیر خطرے میں ہے یہ ایسی بیماری ہے جو پانچ سال سے کم عمر بچوں کو زیادہ متاثر کرتی ہے ان خیالات کا اظہار ڈی ایچ او بھمبر ڈاکٹر محمد اقبال نے آج ڈپٹی کمشنر بھمبر کے آفس میں ایک منعقدہ میٹنگ میں کیا۔

انہوں نے کہا کہ آزاد کشمیر میں ہر سال پانچ سے چھ قومی پولیو مہم ہوتی ہیں انہوں نے کہا رواں سال قومی پولیو مہم کا پانچواں رائونڈ مورخہ 20تا 23نومبر 2017ہو رہا ہے پورے آزاد کشمیر میں سال 2000کے بعد پولیو کا شکار کوئی بچہ نہیں ہو ا یہ بات ہمارے لئے خوش آئند ہے انہوں نے کہا کہ ضلع بھمبر کی کل آبادی 4لاکھ 88ہزار 695نفوس پر مشتمل ہے انہوں نے کہا کہ پانچ سال سے کم عمر بچوں کی تعداد 78191ہے پولیو کے قطرے پلانے کیلئے 188موبائل ٹیمیں تشکیل دے دی گئیں ہیں جو گھر گھر جا کر بچوں کو قطرے پلائیں گی۔

ان موبائل ٹیموں کے علاوہ محکمہ صحت بھمبر نے 45مراکز صحت پرفکسڈ سنٹر بنائے گئے ہیں جہاں پرکم عمر بچوں کو قطرے پلائے جائیں گے مزید براں ضلع ہذا کی داخلی و خارجی راستوں لاری اڈوں اور مختلف گزرگاہوں اور چوک چراہوں پر 19ٹرانزٹ پوائینٹس قائم کئے گئے ہیں جہاں پر محمکہ صحت کا عملہ اور پولیس کے تعاون سے مسافر بچوں کوپولیو کے قطرے پلائے جائیں گے۔اس موقع پر ڈپٹی کمشنر بھمبر چوہدری گفتار حسین نے کہا کہ پولیو جان لیو ابیماری ہے اور محکمہ صحت اس بیماری کے خاتمے کیلئے عملی اقدامات کر رہا ہے۔ اس سلسلے میں پورے ضلع بھمبر میں بھرپور مہم چلائی جائے گی اور تمام محکمہ جات بالخصوص محکمہ تعلیم کے افسران محکمہ صحت کے عملے سے تعاون کریں تاکہ ہر بچہ پولیو کے قطرے پی سکے اور پولیو جیسی موزی مرض سے مکمل چھٹکارہ مل سکے میٹنگ میں ایس ایس پی بھمبر چوہدری منیر حسین ،ایم ایس بھمبر ڈاکٹر فدا حسین،ڈاکٹر ناصر حسین،چو ہدری وقاص نصر، ڈی ای او بھمبرصغیر احمد قادری ،چئیر مین ایلمنٹری بورڈ طفیل احمد خاکی،چیف بلدیہ چوہدری نذیر احمد ،صدر پریس کلب بھمبر انصر زمان خان ،سعد چوہدری اور دیگر نے شرکت کی۔