پولیو کی بیماری کا واحد حل اس سے بچائو ہے، مفتی منیب

Polio

Polio

کراچی (جیوڈیسک) چیئرمین رویت ہلال کمیٹی مفتی منیب الرحمان نے کہا ہے کہ پولیو کی بیماری لاعلاج ہے، اس کا واحد علاج اس سے بچاؤ ہے، ضروری ہے کہ ہر بچے کو یہ قطرے پلائے جائیں۔ یہ بات انہوں نے پیر کو ڈپٹی کمشنر وسطی ڈاکٹر سیف الرحمان کے دفتر میں ضلعی مہم کا افتتاح کرتے ہوئے کہی۔

اس موقع پر ڈپٹی کمشنر، اسسٹنٹ کمشنرز، ٹاؤن ہیلتھ آفیسرز، وزیراعلیٰ پولیو مانیٹرنگ سیل، عالمی ادارہ صحت اور یونیسیف کے نمائندے بھی موجود تھے۔ مفتی منیب نے والدین اور سر پرستوں سے اپیل کی کہ وہ بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلانے سے ہرگز منع نہ کریں یہ ہر بچے کا بنیادی حق ہے کہ اسے بیماری سے بچایا جائے۔

ڈاکٹر سیف الرحمان نے کہا کہ ضلعی انتظامیہ انسداد پولیو مہم کو کامیاب بنانے کے لیے ہر ممکن کوشش کر رہی ہے، پولیو ورکرز کی سیکیورٹی کو یقینی بنانے کے انتظامات بھی کیے جا رہے ہیں۔