اسلام آباد (جیوڈیسک) وزیراعظم نواز شریف نے ملک میں پولیو کے خاتمے کے لیے پاک فوج کے جوانوں کی خدمات حاصل کرنے اور کابینہ کی خصوصی کمیٹی قائم کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
وزیراعظم نواز شریف کی جانب سے آرمی چیف جنرل راحیل شریف کو خط لکھا جارہا ہے جس میں شورش زدہ علاقوں سمیت حساس علاقوں میں پولیو رضا کاروں کو سیکیورٹی فراہم کرنے اور بچوں کو پولیو کے قطرے پلانے کے لیے فوجی جوانوں کی خدمات حاصل کرنے کی درخواست کی جائے گی۔
دوسری جانب وزیر اعظم نے پولیو کے خاتمے کے لیے کابینہ کی خصوصی کمیٹی بنانے کا فیصلہ کیا ہے۔ خصوصی کمیٹی میں وزیر داخلہ، دفاع اور وزیر قومی صحت کو شامل کیا گیا ہے۔
وزیر اعظم کی جانب سے انسداد پولیو مہم کے لیے تھرڈ پارٹی مانیٹرنگ نظام متعارف کرانے اور مہم کو موثر بنانے کے لئے احتساب کا عمل شروع کرنے کا فیصلہ بھی کیا گیا ہے۔