قصور (محمد عمران سلفی سے) ڈسٹرکٹ کوآرڈینیشن آفیسر قصور سلمان غنی نے کہا ہے کہ پولیو کا خاتمہ ہمارا قومی فریضہ ہے ، تمام طبقات کے لوگ پولیو کے خاتمے میں اپنا قومی کردار ادا کریں ، پولیو کے خاتمے کیلئے ہم سب کو مربوط حکمت عملی کے تحت کام کرنا ہوگا’والدین پولیو مہم کے دوران اپنے پانچ سال سے کم عمر بچوں کو جسمانی معذوری سے بچانے کیلئے لازمی طور پر پولیو ویکسین کے حفاظتی قطرے پلوائیں اور پولیو کے موذی مرض کے خاتمے کیلئے اپنا کلیدی کردار ادا کریں۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز ڈی ایچ کیو ہسپتال میں انسداد پولیو مہم کے سلسلہ میں بچوں کو قطرے پلانے کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ اس موقع پرڈی سی او سلمان غنی، ڈی پی او سید علی ناصر رضوی ، ای ڈی او ہیلتھ ڈاکٹر مسعود طارق ، اے سی قصور محمد شاہ رخ نیازی ، ڈی او ایچ قصور ڈاکٹر ناصر اسلام خاں ، فوکل پرسن پولیو مہم ڈاکٹر محمد خالد ، ایم ایس ڈی ایچ کیو ہسپتال ڈاکٹر شہناز نسیم ، ڈبلیو ایچ او کے نمائندے ڈاکٹر فاتح عظمت اللہ ، ڈپٹی ڈی ایچ اوز ڈاکٹر محمد نذیر ، عبدالناصر گوہر ،مسلم لیگ (ن) شعبہ خواتین کی صدر میڈم صفیہ سعید اور دیگر افسران نے بچوں کو پولیو کے قطرے پلا کر مہم کا افتتاح کیا۔
اس موقع پر ڈی سی او سلمان غنی نے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ ضلع قصور میں پولیو مہم 14 مارچ سے 17 مارچ 2016ء تک جاری رہے گی اور ضلع بھر میں مقررہ ہدف 5 لاکھ 82 ہزار 109 بچوں کو پولیو کے قطرے پلائے جائینگے اور اس کیلئے کل 1297 ٹیمیں تشکیل دیدی گئی ہے جو بچوں کو قطرے پلائینگی ۔ڈی سی او سلمان غنی نے اپیل کی کہ پولیو کے خاتمہ کیلئے معززین شہر، سول سو سائٹی کے اراکین ، سماجی تنظیموں کے نمائندے آگے آئیں اور بچوں کو عمر بھر کی معذوری سے بچانے کیلئے پولیو ویکسین کے قطرے پلانے میں اپنا کلیدی کردار ادا کریں اور پولیو کے خلاف شعور اجاگر کرنے میں اپنی سرگرمیوں میں تیزی لائیں ۔ علاوہ ازیں ڈی سی او اور ڈی پی او نے ایمرجنسی وارڈ ،نئے ایمرجنسی بلاک اور مردہ خانہ کا دورہ کیا اور سہولیات کا جائزہ لیا۔