انسداد پولیو حکومت پاکستان کی کوششیں

Polio Campaign

Polio Campaign

تحریر : ڈاکٹر شجاع اختر اعوان

پولیو جیسے مرض کے خاتمے کے لیے حکومت پاکستان کی کوششیں ایک طویل عرصہ پر محیط ہیں۔ پاکستان کی وفاقی اور صوبائی حکومتوں نے انسداد پولیو کے لیے انتھک جدوجہد کی ہے۔ شعبہ صحت کے افسران، کارکنان اور رضاکار اس عظیم جدوجہد کے روئے رواں ہیں۔ جنہوں نے اس موذی مرض کے خاتمے کی خاطر اپنی جانیں تک قربان کی ہیں۔ تاکہ اپنی آنے والی نسلوں کو اس مرض کا شکار ہو کر اپاہج ہونے سے بچایا جا سکے۔ پولیو کے مرض کے خاتمے کے لیے اس سال بھی پہلی انسداد پولیو مہم ملک بھر میں 21 سے 23 جنوری کے دوران چلائی گئی۔ اس مہم کے دوران ملک بھر میں تین کروڑ نوے لاکھ سے زائد پیدائش سے لے کر پانچ سال تک کی عمر کے بچوں کو پولیو ویکسین پلائی گئی۔

مہم کو کامیاب بنانے کے لیے دو لاکھ ساٹھ ہزار پولیو ورکرز نے حصہ لیا اور گھر گھر جا کر بچوں کو پولیو ویکسین کے قطرے پلائے ۔صوبہ پنجاب کا ضلع اٹک انسداد پولیو مہم کے حوالے سے انتہائی اہمیت کا حامل ہے۔ صوبہ کا آخری سرحدی ضلع ہونے کے ناتے اس ضلع کی حدود صوبہ خیبر پختونخواہ کے اضلاع صوابی ، ہری پور ، کوہاٹ اور پنجاب کے اضلاع میا نوالی ، چکوال اور راولپنڈی سے بھی ملتی ہیں۔ جہاں سے متعدد داخلی راستوں کے ذریعے مسافروں کی اس ضلع میں آمدو رفت جاری رہتی ہے۔ ان افراد کے ساتھ موجود پانچ سال سے کم عمر بچوں کو شناخت کرکے پولیو ویکسین پلانا ایک دشوار گزار مرحلہ ہے۔ جسے شعبہ صحت اٹک کے پولیو ورکرز بخوبی انجام دے رہے ہیںتاکہ نہ صرف ضلع ، صوبہ بلکہ ملک بھر کو پولیو جیسے خطرناک مرض سے محفوظ رکھا جا سکے۔

ملک کے دیگر حصوں کی طرح ضلع اٹک میں بھی سال 2019 کی پہلی انسداد پولیو مہم انتہائی کامیابی کے ساتھ منائی گئی اور اس سلسلے میں متعین کردہ اعدادو شمار پر 100 فیصد نتائج حاصل کیئے گئے جو کہ ڈپٹی کمشنر اٹک رانا عشرت علی خان کی سرپرستی، افسران شعبہ صحت ،چیف ایگزیکٹیو ڈسٹرکٹ ہیلتھ اتھارٹی ڈاکٹر سہیل اعجا ز اعوان ، ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر ڈاکٹر محسن اشرف ، ڈپٹی ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر ڈاکٹر سعید احمد ، ڈی ایس وی راجہ محمداسماعیل ضلع کی تمام تحصیلوں کے ڈی ڈی ایچ اوز صاحبان ، اے ایس ویز ، شعبہ صحت کے کارکنان اور رضاکاروں کی بھرپور محنت کا نتیجہ ہے۔ ڈپٹی کمشنر اٹک عشرت اللہ خان نیازی نے شعبہ صحت کے افسران کے ہمراہ اسفند یار بخاری ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال اٹک میں بچوں کو پولیو ویکسین کے قطرے پلا کر اس مہم کا باقاعدہ افتتاح کیا جس کے دوران ضلع بھر میں دو لاکھ پچاسی ہزار آٹھ سو پچا س بچوں کو پولیو ویکسین کے قطرے پلائے گئے۔

اس سلسلہ میں ضلع بھر میں بھرپور انتظامات کیئے گئے تھے۔ انسداد پولیو مہم میں آٹھ سو تریسٹھ ٹیموں نے حصہ لیا۔ ضلع کے داخلی اورخارجی راستوں پر متعین ٹیمیں پانچ سال سے کم عمر بچوں کو پولیو ویکسین کے قطرے پلاتی رہیں۔ جبکہ رومنگ ٹیموں نے گھر گھر پہنچ کر یہ فریضہ انجام دیا۔ اس سلسلہ میں ٹیموں کو فول پروف حفاظتی انتظامات مہیا کیئے گئے۔ چیف ایگزیکٹیو آفیسر ڈسٹرکٹ ہیلتھ اتھارٹی اٹک ڈاکٹر سہیل اعجاز اعوان نے اس مہم کی خصوصی طور پر نگرانی کی اور ضلع بھر کے دور افتادہ علاقوں کے دور ے کر کے نامساعد موسمی حالات میں انسداد پولیو مہم میں حصہ لے کر جانفشانی سے خدمات انجام دینے والے محنتی کارکنا ن کی حوصلہ افزائی کرتے رہے۔

پانچ روز تک جاری رہنے والی اس مہم کے اختتا م پر عالمی ادارہ صحت اور یونیسف کی طرف سے ضلع اٹک میں انسداد پولیو مہم کا سروے کیا گیا جس میں مہم کے دوران سو فیصد نتائج ظاہر ہوئے اس پر ان اداروںنے شعبہ صحت اٹک کے کارکنان ، افسران اور ضلعی انتظامیہ کی بھر پور تعریف کی ۔کوارڈینیٹر انسداد پولیو مہم قومی ادارہ صحت اسلام آباد ، ڈاکٹر رانا صفدر نے بتایا کہ حکومت پاکستان پولیو کے مرض کے خاتمے کے لیے موثر حکمت عملی کے تحت کام کر رہی ہے۔ اور پولیو وائرس کے خاتمے کے لیے ہر ممکنہ وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں۔

والدین کوچاہیے کہ وہ انسداد پولیو مہم میں اپنے پانچ سال تک عمر کے بچوں کو پولیو ویکسین کے قطرے پلائیں تاکہ انہیں اس موذی مرض سے محفوظ رکھا جا سکے۔ انہوں نے مزید کہا کہ انسداد پولیو مہم میں حصہ لے کر اسے کامیابی کی طرف گامزن کرنے والے شعبہ صحت کے افسران ، کارکنان ، رضاکار قومی ہیرو کا درجہ رکھتے ہیں۔ جنہوں قوم کبھی فراموش نہیں کر سکتی۔

قائمہ کمیٹی برائے ہیلتھ کے چیئرمین ممبر سارک چیمبر آف کامرس طارق محمود نے سی ای او ہیلتھ اٹک ڈاکٹر محمد اعجاز اعوان سے خصوصی ملاقات کی اور انہیں ضلع اٹک میں انسداد پولیو مہم کی کامیابی پر مبارکباد پیش کرتے ہوئے ان کی انتظامی صلاحیتوں کی بھرپور تعریف کی اور بیماریوں کے خلاف شعور اجاگر کرنے کے لیے انہیں مکمل تعاون کا یقین بھی دلایا ۔ طارق محمود کا یہ خاصہ ہے کہ وہ شعبہ صحت کے شانہ بشانہ متعدی امراض کے خاتمہ کی مہمات میں نظرآتے ہیں۔ اس سلسلے میں سیمینارز کا انعقاد اور تشہیری مواد کی فراہمی میں بھی کلیدی کردار ادا کرتے ہیں۔ ایسی نیک دل مخیر شخصیات ہی معاشرے کا اثاثہ ہوا کرتی ہیں۔ جو شر کے دور میں خیر بانٹتی نظر آتی ہیں۔

Dr. Shujah Akhtar Awan

Dr. Shujah Akhtar Awan

تحریر : ڈاکٹر شجاع اختر اعوان
37101-1774390-5
0312-2878330