پولیو ویکسینیشن کی تجاویز تیار،عالمی ادارہ سے ڈیڑھ ماہ کا وقت مانگا جائیگا

Polio

Polio

اسلام آباد (جیوڈیسک) عالمی ادارہ صحت کی جانب سے سفری پابندیاں عائد کئے جانے کے بعد وزیر قومی صحت سائرہ افضل تارڑ آج بین الصوبائی کانفرنس میں تجاویز پیش کریں گی ، وفاقی حکومت عالمی ادارہ صحت سے ویکسی نیشن شرط پر عملدرآمد کیلئے ڈیڑھ ماہ وقت مانگے گی۔

عالمی ادارہ صحت کی جانب سے سفری پابندیوں کے بعد وزیر قومی صحت سائرہ افضل تارڑ آج بین الصوبائی کانفرنس میں تجاویز پیش کریں گی۔ذرائع کے مطابق وفاقی حکومت عالمی ادارہ صحت سے ویکسی نیشن شرط پر عملدرآمد کیلئے ڈیڑھ ماہ کا وقت مانگے گی۔ذرائع کا کہنا ہے کہ ملک کے 7 ہوائی اڈوں ، 3 بندرگاہوں ،7 بارڈر کراسنگ پوائنٹس پر ویکسین کاؤنٹرز بنانے کی تجویز زیر غور ہے۔ انسداد پولیو مہم میں امام کعبہ کی حمایت بھی حاصل کی جائے گی ۔ تجاویز میں کہا گیا ہے کہ یومیہ 27 ہزار افراد کو بین الاقوامی سفر سے پہلے پولیو ویکسین دی جائے گی۔

عالمی ادارہ صحت کی شرائط کے تحت سالانہ 31 لاکھ پولیو ڈوزز درکار ہونگی۔بیرون ملک سفر کرنیوالوں کیلئے پولیو ویکسین پر سالانہ 75 کروڑ روپے خرچ ہونگے۔ وفاقی حکومت ویکسین فراہمی اور نگرانی کی ذمہ داریاں نبھائے گی۔ ذرائع کے مطابق تجویز میں کہا گیا ہے کہ ایئرپورٹس، بندرگاہوں اور سرحدوں پر صوبائی حکومتیں ویکسینیٹرز فراہم کریں گی۔ یہ تجویز بھی دی گئی ہے کہ ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتالوں اور ای ڈی او دفاتر میں ویکسی نیشن سرٹیفکیٹ کی سہولت دی جائے ۔ ہوائی اڈوں ، بندرگاہوں اور سرحدوں پر 20 فیصد ویکسی نیشن سرٹیفکیٹ کا بوجھ ڈالا جائے۔